مارشل لا کے نفاذ میں کردار ادا کرنے کا الزام ، وزیر دفاع گرفتار

n6425844941733702939932cb336030bedeea5aac12433adc5df0d386d73baf985f9cfa04878fc981c90ecb

جنوبی کوریا کے استغاثہ نے اتوار کو سابق وزیر دفاع کم یونگ ہیون کو صدر یون سک ییول کے مارشل لا کے نفاذ میں ان کے مبینہ کردار پر گرفتار کر لیا ہے۔ میڈیانے کوریائی نیوز ایجنسی یونہاپ کے حوالے سے بتایا ہے کہ مستعفی ہونے والے سابق وزیر دفاع کو مقدمہ چلانے کے لیے باقاعدہ تحویل میں لے لیا گیا ہے۔صدر یون نے مارشل لا کے نفاذ پر ہفتہ کو ٹیلی ویژن پر نشر کیے گئے خطاب میں قوم سے معافی مانگ لی تھی تاہم مستعفی نہ ہوئے تھے۔صدر یون کے مواخذے کے لیے پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعت کی جانب سے لائی گئی مواخذے کی تحریک گزشتہ روز ناکام ہو گئی تھی۔تاہم صدر یون کی برسرِ اقتدار جماعت کے رہنما نے کہا ہے کہ آخرکار اْن کو مستعفی ہونا پڑے گا اور اس سے پہلے انہیں اْن کی ذمہ داریوں سے مؤثر طریقے سے الگ کر دیا جائے گا۔صدر یون نے منگل کی رات چار دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد جنوبی کوریا میں مارشل لا لگا کر اور فوج کو پارلیمنٹ میں تعینات کر کے اپنے شہریوں اور عالمی برادری کو حیران کر دیا تھا۔جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ میں قانون سازوں نے مارشل لا کے نفاذ کے صدارتی حکم نامے کو مسترد کر دیا تھا۔ایک مستحکم جمہوریت کے حامل ملک تصور کیے جانے والے جنوبی کوریا کے صدر نے پارلیمنٹ کی قرارداد کے بعد اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔