بہار کے نئے گورنر عارف محمد خان اچانک رابڑی دیوی کے گھر کیوں پہنچے؟ لالو سے بھی کی ملاقات

بہار کے نئے گورنر عارف محمد خان نے سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کو ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر سالگرہ کی مبارکباد دی۔ اس دوران انہوں نے سابق وزیر اعلی اور آر جے ڈی سربراہ لالو یادو اور ان کے بیٹے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو سے بھی ملاقات کی اور پورے خاندان کو نئے سال کی مبارکباد دی۔ عارف محمد خان نے یہ کرکے سبھی کو حیران کر دیا۔ تاہم اس سے پہلے تیجسوی یادو گورنر سے ملنے پہنچے تھے اور انہوں نے سوشل میڈیا پر یہ جانکاری دی تھی۔ آپ کو بتادیں کہ گورنر عارف خان نے ابھی تک حلف نہیں اٹھایا ہے۔ اس واقعے کے بعد کئی سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ اس ملاقات کو لے کر بہار کی سیاست میں کئی طرح کی بحث ہو رہی ہے ۔ سال کے پہلے ہی دن نئے گورنر عارف محمد خان نے یادو خاندان سے ملاقات کی اور کئی اشارے دئے۔ نئے گورنر عارف محمد خان اس سے پہلے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے آبائی گاؤں کلیان بیگھہ گئے تھے۔ یہاں نتیش کی ماں کی برسی پر انہوں نے پرمیشوری دیوی کے مجسمے پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران وزیراعلی نتیش کمار نے گورنر کو اپنا گاؤں بھی دکھایا۔ بہار کے گورنر عارف محمد خان راجیہ سبھا کے سابق رکن پارلیمنٹ آر کے سنہا کے گھر پہنچے تھے۔ یہاں گورنر عارف محمد خان نے آر کے سنہا سے ملتے ہی کہا کہ آپ سے ملنا بہت ضروری تھا، ملاقات کافی دیر تک چلی۔ اس ملاقات کے بعد بہار کے گورنر نے ملک کے عوام کو نئے سال کی مبارکباد دی۔ گورنر نے کہا کہ آر کے سنہا کا بہت پیار ہے، وہ ان کی وجہ سے طویل عرصے سے آرگینک فوڈ کھا رہے ہیں۔ آر جے ڈی ذرائع نے بتایا کہ گورنر عارف محمد خان اچانک رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پہنچے ۔ یہاں ان کا استقبال آر جے ڈی سربراہ اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو نے شال پہنا کر کیا۔ اس دوران تیجسوی یادو بھی موجود تھے۔ سبھی نے عارف محمد خان کو نئے سال کی مبارکباد دی۔ ذرائع نے بتایا کہ رابڑی دیوی آج اپنی سالگرہ مناتی ہیں، اس پر نئے گورنر عارف محمد خان نے انہیں مبارکباد دی اور بہتر صحت کیلئے نیک خواہشات پیش کیں ۔ اس موقع پر صرف نارمل بات چیت ہوئی اور اس کے بعد گورنر واپس چلے گئے۔
