حکومت کی چار نئی اسکیمات پر 45 ہزار کروڑ کا خرچ: بھٹی وکرمارکا

n6475213331736808526050483fc54c048f495b0773b653fd9fe31c80046dccc1afd627f7c987e0793832b7

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ سنکرانتی کے تحفہ کے طور پر حکومت نے غریب اور مستحق خاندانوں کیلئے چار نئی اسکیمات پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے ۔ رعیتو بھروسہ ، اندراماں آتمیہ بھروسہ ، اندراماں ہاؤزنگ اور نئے راشن کارڈس کی اسکیمات پر 45000 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے کھمم اور کتہ گوڑم اضلاع کے عہدیداروں کے ساتھ متحدہ کھمم ضلع میں نئی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ وزیر زراعت پی ناگیشور راؤ ، وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، وزیر مال پی سرینواس ریڈی اور وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی اجلاس میں شریک تھے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ عوام کو اسکیمات پر عمل آوری کے بارے میں اندیشوں کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ استفادہ کنندگان کا انتخاب گرام سبھا میں کیا جائے گا اور اندراماں کمیٹیاں اسکیمات پر عمل آوری میں اہم رول ادا کرے گی۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ہر گاؤں میں فلیکسی پر استفادہ کنندگان کے ناموں کو شامل کرتے ہوئے مستحق افراد کی نشاندہی کی جائے گی۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ کے لئے سنکرانتی تہوار تاریخی ثابت ہوگا۔ ریونت ریڈی حکومت نے کسانوں اور زرعی مزدوروں کے علاوہ غریب خاندانوں کی بھلائی کیلئے اسکیمات کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر، 500 روپئے میں گیس سلینڈر ، 200 یونٹ مفت برقی سربراہی، آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج ، ہاسٹل کے طلبہ کے ڈائیٹ چارجس میں 40 فیصد اور کاسمیٹکس چارجس میں 200 فیصد کا اضافہ اور دھان پر فی کنٹل 500 روپئے بونس کی ادائیگی جیسی اسکیمات پر عمل آوری جاری ہیں، جن کا وعدہ الیکشن سے قبل کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ 26 جنوری سے شروع ہونے والی چاروں اسکیمات پر 45000 کروڑ خرچ ہوں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کیلئے 22500 کروڑ ، اندراماں آتمیہ بھروسہ اسکیم کیلئے 2000 کروڑ اور رعیتوں بھروسہ اسکیم پر 19000 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فی ایکر کسانوں کو 12000 روپئے کی امداد بینک اکاؤنٹس میں جمع کی جائے گی۔ بے زمین زرعی مزدوروں کو سالانہ 12000 روپئے کی مدد کی جائے گی۔ کوئی بھی غریب خاندان اندراماں ہاؤزنگ اور راشن کارڈس سے محروم نہیں رہے گا۔ دو لاکھ روپئے تک قرض معافی کے تحت 22000 کروڑ جاری کئے گئے۔ ضلع عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ گرام سبھا میں اہل امیدواروں کا انتخاب کریں اور منتخب افراد کی فہرست عوامی نمائندوں کے ذریعہ ضلع کلکٹر کے حوالے کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر منڈل کو تین حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے گرام سبھائیں منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو استفادہ کنندگان کی تفصیلات سے واقف کرانے کیلئے ان کے نام فلیکسی پر درج کئے جائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ 16 جنوری سے سروے کے کام کا آغاز کریں جو 20 جنوری تک مکمل کرلیا جائے۔