رکن اسمبلی کوشک ریڈی کے خلاف کریم نگرمیں تین مقدمات درج

بی آر ایس رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی کی مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوگیا جب کریم نگر پولیس نے ان کے خلاف تین علحدہ مقدمات درج کئے ہیں۔ کوشک ریڈی نے کل ضلع کلکٹریٹ میں جائزہ اجلاس کے موقع پر رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے پر حملہ کی کوشش کی تھی۔ ڈاکٹر سنجے حال میں بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ کوشک ریڈی نے جگتیال رکن اسمبلی کو تقریر سے روک دیا اور استعفیٰ کی مانگ کی۔ بحث و تکرار کے بعد کوشک ریڈی نے ڈاکٹر سنجے پر حملہ کی کوشش کی ۔ تاہم پولیس نے کوشک ریڈی کو میٹنگ ہال سے باہر منتقل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کریم نگر ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں کوشک ریڈی کے خلاف تین مقدمات درج کئے گئے ۔ کریم نگر آر ڈی او ، لائبریری صدرنشین ایس ملیش اور رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار کے پی اے کی شکایت پر بی این ایس قانون کی دفعات 132 ، 115(2) ، 352 اور 292 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ایک اور شکایت پر 126(2) اور 115(2) دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ کلکٹریٹ میں جائزہ اجلاس کے موقع پر وزراء سریدھر بابو ، پونم پربھاکر اور اتم کمار ریڈی موجود تھے۔ اجلاس میں ہنگامہ اور رکن اسمبلی پر حملہ کی کوشش کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ کوشک ریڈی نے منحرف رکن اسمبلی کو اظہار خیال کا موقع دینے پر اعتراض جتایا ۔ واضح رہے کہ کوشک ریڈی کے خلاف حالیہ عرصہ میں کئی مقدمات درج ہوچکے ہیں اور وہ گرفتاری سے بچنے ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔
