معذور طالبعلم کی حوصلہ افزائی، بیٹری کی ٹرائی موٹر سائیکل حوالے

معاشرہ میں ایسے بے شمار لڑکے لڑکیاں اور مرد و خواتین ہیں جسمانی طور پر معذور ہونے کے باوجود مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس طرح کے لوگوں کی حوصلہ افزائی سب سے زیادہ ضروری ہے۔ اس معاملہ میں فیض عام ٹرسٹ، اس کے عطیہ دہندگان اور سکریٹری جناب افتخار حسین بلالحاظ مذہب و ملت رنگ و نسل ضرورت مندوں کی مدد کرنے میں اپنا جواب نہیں رکھتے۔ یہ دراصل ان پر اللہ عزوجل کا خصوصی کرم ہے۔ جناب افتخار حسین اور فیض عام ٹرسٹ کی مدد سے بے شمار حوصلہ مند معذورین نے غیرمعمولی ترقی کی ہے۔ حال ہی میں 26 سالہ معذور طالب علم محمد فردوس فیض عام ٹرسٹ سے رجوع ہوئے اور بتایا کہ وہ مانو میں ایم کام سال دوّم کے طالب علم ہیں اور یونیورسٹی میں میس کے پیسہ ادا کرنے ہیں جس پر سکریٹری فیض عام ٹرسٹ نے فوری 25 ہزار روپئے کا چیک اس طالب علم کے حوالے کیا تھا۔ چونکہ یہ نوجوان تعلیم کے ساتھ کوئی پارٹ ٹائم جاب کرنے کا خواہاں تھا۔ اس کے مالی حالات کو دیکھتے ہوئے انھوں نے امریکہ میں مقیم انجینئر محمد یوسف کے EQUALABLE FOUNDATION کے اشتراک سے اسے ایک ٹرائی موٹر سائیکل فراہم کی۔ دفتر فیض عام ٹرسٹ ہلز کالونی اے سی گارڈ میں آج جناب سید حیدر علی رکن مجلس عاملہ، محمد اعظم فیلڈ آفیسر فیض عام، مسٹر وینکٹیش پرساد فیلڈ ایکزیکٹیو و دیگر کی موجودگی میں 1.17 لاکپ مالیتی PEV PHANTOM S5G بیٹری موٹر سائیکل محمد فردوس کے حوالے کی۔ جس پر اس طالب علم نے فیض عام ٹرسٹ اور Equalable Foundation سے اظہار تشکر کیا۔ جناب افتخار حسین نے بتایا کہ محمد فردوس نے انٹرمیڈیٹ میں ٹاپ کیا۔ اس کے والد 64 سالہ غلام رسول بہار کے ایک کسان ہیں۔
