تلنگانہ اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں یوم جمہوریہ تقاریب

تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل میں یوم جمہوریہ کی 76 ویں تقاریب کا شایان شان انعقاد عمل میں آیا۔ اسپیکر جی پرساد کمار نے اسمبلی کے احاطہ میں قومی پرچم لہرایا اور مہاتما گاندھی، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو خراج پیش کیا۔ قانون ساز کونسل کے احاطہ میں صدرنشین جی سکھیندر ریڈی نے قومی پرچم لہرایا اور مجاہدین آزادی کو خراج پیش کیا۔ قائدین نے دستور کی تیاری اور اس کے نفاذ میں ڈاکٹر امبیڈکر اور ان کے ساتھیوں کے رول کی ستائش کی۔ اس موقع پر مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے پورٹریٹس پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ یوم جمہوریہ تقریب میں ڈپٹی چیرمین بنڈا پرکاش مدیراج، ارکان کونسل جناب عامر علی خاں، بی دیانند، نرسا ریڈی، وانی دیوی، اے وی ایس ریڈی، رگھوتم ریڈی، سابق رکن کونسل پی رویندر، لیجسلیچر سکریٹری ڈاکٹر وی نرسمہا چاریلو اور دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر اسپیکر اور صدرنشین کونسل نے تلنگانہ عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام کی ترقی اور ریاست کی بھلائی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
