دستور بچانے والوں اور دستور بدلنے والوں کے درمیان ملک میں لڑائی : ریونت ریڈی

n6494539561738033719873963221d267dab5e3f6e47b145a40cb7891c89c0a622d64871891703b8730add3

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک میں دستور بچانے والوں اور دستور بدلنے والوں کے درمیان لڑائی ہے اور عوام کو دستور بچاؤ مہم میں شامل ہوکر مخالف طاقتوں کو شکست دینی چاہئے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی آج مدھیہ پردیش کے بھوپال میں ”جئے باپو ، جئے بھیم اور جئے سمویدھان” کے تحت کانگریس پارٹی کی جانب سے منعقدہ ریالی سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے ریالی سے خطاب کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاستی وزراء کے ساتھ اس پروگرام میں شرکت کی۔ ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے نریندر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد سے نریندر مودی دستور میں تبدیلی کی بار بار کوشش کر رہے ہیں۔ راہول گاندھی دستور میں تبدیلی کو روکنے کی جدوجہد کر رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر نریندر مودی کی طاقت میں اضافہ ہوگا تو دستور میں تبدیلی کا راستہ ہموار ہوگا۔ راہول گاندھی پہلے ہی دن سے پوری طاقت کے ساتھ نریندر مودی کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح محمود غزنوی نے ہندوستان کو لوٹنے اور اس پر قبضہ کرنے کی بار بار کوشش کی تھی، اسی طرح نریندر مودی بھی دستور میں تبدیلی اور پسماندہ طبقات کے تحفظات کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن محمود غزنوی کی طرح نریندر مودی کو بھی کامیابی نہیں ملے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ انگریزوں کو شکست دے کر گاندھی جی نے ملک کو بچایا تھا اور آج ان کے ماننے والے دستور کے تحفظ کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ بی جے پی کو ”برٹش جنتا پارٹی” قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ راہول گاندھی ایک سپاہی کی طرح برٹش جنتا پارٹی کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں اور ان تمام کو اس لڑائی میں راہول گاندھی کے ساتھ شریک ہوکر دستور کا تحفظ کرنا چاہئے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک میں دو پریواروں کے درمیان لڑائی ہے۔ ایک گاندھی پریوار ، دوسرا گوڈسے پریوار۔ گاندھی پریوار سے راہول گاندھی اور گوڈسے پریوار سے نریندر مودی آگے ہیں۔ ہم تمام کو گاندھی جی کے پریوار کا حصہ بنتے ہوئے راہول گاندھی کی مدد کرنی چاہئے تاکہ ملک میں دستور کا تحفظ ہو۔ انہوں نے کہاکہ راہول گاندھی کی قیادت میں مدھیہ پردیش میں کانگریس حکومت تشکیل پائے گی۔ ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ دستور بچاؤ جدوجہد میں کانگریس کے ساتھ شامل ہوجائیں۔ انہوں نے تقریب کا اختتام جئے سمویدھان کے نعرہ سے کیا۔