پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کا انتقال

دیوان اسماعیلی امامت انتہائی افسوس کے ساتھ اعلان کرتا ہے کہ عالیجناب پرنس کریم الحسینی آغاخان چہارم، شیعہ اسماعیلی جماعت کے 49 ویں موروثی امام اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے بانی و چیرمین، لزبن، پرتگال میں 88 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ پرنس کریم آغا خان، پرنس علی خان اور جون یارڈبلر کے صاحبزادے اور اپنے دادا، مرحوم سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم کے جانشین تھے۔ اپنی زندگی میں عالیجناب آغا خان چہارم نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام ایک سوچنے، سمجھنے والا روحانی دین ہے جو ہمدردی، رواداری اور انسانیت کے وقار کو برقرار رکھنے کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی اپنی جماعت کے رہن سہن کے معیار کو بہتر بنانے اور ان ممالک کے عوام کی بھلائی کیلئے وقف کردی جہاں اسماعیلی کمیونٹی آباد ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی ترقیاتی تنظیموں میں سے ایک منظم ادارہ کی بنیاد رکھی اور اس کی قیادت کی جو دنیا کے پسماندہ اور کمزور ترین علاقوں میں بسنے والی کمیونٹیز کی خدمت کرتا ہے۔ تجہیز و تکفین کی تفصیلات کا اعلان کیا جانا ہے۔
