ٹیچرس طلبہ کی تعلیمی ذمہ داریاں قبول کریں : یوگیتا رانا

سکریٹری محکمہ تعلیم یوگیتا رانا نے ریاست میں دسویں جماعت کے بہتر نتائج کی برآمد کیلئے خصوصی توجہ دینے کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس ( ڈی ای اوز ) کو ہدایت دی ہے اور ٹیچرس کو مشورہ دیا کہ وہ طلبہ کی تعلیمی ذمہ داریوں کو قبول کریں۔ ایم سی آر ایچ ڈی میں یوگیتا رانا نے ریاست کے تمام اضلاع کے ڈی ای اوز ، آر جے ڈیز اور ایڈیشنل ڈائرکٹرس سے ملاقات کی۔ دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کی تیاریاں ، تعلیمی معیار کو بلند کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات، طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنے کے علاوہ دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ ساتھ ہی پرفارمنس گریڈ انڈیکٹرس، پی بی اے میں تلنگانہ کو سرفہرست بنانے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کرنے کا مشورہ دیا۔ سکریٹری محکمہ تعلیم نے گذشتہ دو سال سے سرکاری اسکولس میں طلبہ کے داخلوں کی گھٹتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا۔ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر خصوصی مہم چلاتے ہوئے طلبہ اور ان کے والدین سے ملاقات کرنے انہیں سرکاری اسکولس کی سہولتیں، اسکالر شپس، ہاسٹلس اور دیگر رعایتوں سے واقف کراتے ہوئے سرکاری اسکولس کے داخلوں میں قابل لحاظ اضافہ کرنے کا مشورہ دیا۔ اسکولس کی ضروریات کی تکمیل کیلئے جاری کئے جانے والے بجٹ کو مکمل طور پر خرچ کرنے کا مشورہ دیا۔ دسویں جماعت کے نتائج کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی خصوصی کلاسیس کے تعلق سے بھی ڈی ای اوز سے تفصیلات طلب کی اور ہر ہفتہ ٹسٹ کا اہتمام کرتے ہوئے طلبہ کے تعلیمی مظاہرے کو بڑھانے پر زور دیا۔ دسویں جماعت میں اصلاحات لانے پر اسکول ایجوکیشن کے ڈائرکٹر ای ایل نرسمہا ریڈی اور گورنمنٹ ایگزامنیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈائرکٹر کرشنا راؤ کو سکریٹری محکمہ تعلیم یوگیتا رانا نے تہنیت پیش کی۔
