فلمی اداکار ناگرجنا کی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات

ویٹرن فلمی اداکار اکینینی ناگرجنا نے کل پارلیمنٹ ہاؤز میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیں ‘مہان ابھینیتا اکینینی کا وارٹ وئیکٹیٹوا’ ٹائٹل کی ایک کتاب پیش کی جو لیجنڈری تلگو اداکار اکینینی ناگیشور راؤ (اے این آر) کو ان کے 100 ویں یوم پیدائش پر ایک خراج عقیدت ہے۔ اس کتاب کو پدمابھوشن ایوارڈ یافتہ اور سابق رکن پارلیمنٹ پروفیسر وائی لکشمی پرساد نے تحریر کیا ہے جو دنیا بھر میں تلگو زبان کے فروغ کیلئے سرگرم تنظیم، وشوا ہندی پریشد کے صدر بھی ہیں۔ اس موقع پر اے این آر کے فرزند ناگرجنا نے جو خود بھی ایک مشہور اداکار ہے، ان کے والد کی میراث کو ایک قومی پلیٹ فارم پر تسلیم کرنے پر وزیراعظم سے اظہارتشکر کیا۔ وزیراعظم نے ان سے کہا کہ سنیما اور سماج کیلئے اے این آر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ہندوستانی سنیما بالخصوص تلگو سنیما کیلئے اے این آر کی خدمات کی ستائش کی اور من کی بات کے 117 ویں ایپی سوڈ میں ان کے خیالات کا اعادہ کیا جس میں انہوں نے اے این آر اور دیگر سنیما لیجنڈس کو خراج قیدت پیش کیا تھا۔ نیز اس موقع پر ناگرجنا نے اناپورنا اسٹوڈیوز اور اناپورنا کالج آف فلم اینڈ میڈیا پر ہورہی پیشرفت کے بارے میں وزیراعظم کو واقف کروایا۔
