پاکستان میں فوج کے ٹرکوں کے قافلے پر دہشت گردانہ حملہ، لوٹ پاٹ کر گاڑیوں کو نذر آتش کیا، 4 فوجیوں کی موت

شورش زدہ شمال مغربی علاقے میں پاک فوج کے امدادی سامان لے جانے والے ٹرکوں پر پہلے ہوئے حملے کا جواب دے رہے سکیورٹی فورسز پر رات گئے گھات لگا کر عسکریت پسندوں نے حملہ کر دیا اور اس درمیان ہوئی گولی باری میں چار فوجی ہلاک ہو گئے ۔ حکام نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ یہ حملہ سوموار کو صوبہ خیبر پختونخوا کے شورش زدہ ضلع کرم میں امدادی سامان لے جانے والے ٹرکوں کے قافلے پر حملے کے جواب میں حکام کی جانب سے کمک بھیجنے کے چند گھنٹے بعد ہوا ہے۔ ٹرکوں پر حملے میں ایک ڈرائیور اور ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ کرم میں رات بھر ہونے والے حملے میں کچھ سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ حالیہ مہینوں میں یہاں شیعہ اور سنی قبائل کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم 130 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ کرم کے مرکزی قصبے پاراچنار کی طرف جانے والے کئی ٹرکوں کو لوٹ لیا گیا اور جلا دیا گیا۔ پاراچنار کے ایک ہسپتال کے ڈاکٹر قیصر عباس نے بتایا کہ انہیں پیر کی رات کرم سے چار فوجیوں کی لاشیں ملی تھیں۔ دریں اثنا، حکام نے کہا کہ حملوں کے مجرموں کو پکڑنے کے لیے ایک بڑے آپریشن کا منصوبہ بنایا جا رہا تھا ۔ ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم سنی عسکریت پسندوں پر شبہ کیا جارہا ہے۔ کرم کے کچھ حصوں پر شیعہ مسلمانوں کا غلبہ ہے، حالانکہ وہ پاکستان کے باقی حصوں میں اقلیت ہیں، جہاں سنی اکثریت میں ہیں۔ اس خطے میں فرقہ وارانہ تنازعات کی تاریخ ہے، انتہا پسند سنی گروپ پہلے اقلیتی شیعوں کو نشانہ بناتے تھے۔ پولیس کی گاڑی پر حملہ، فائرنگ سے دہشت گرد ہلاک صوبہ خیبرپختونخوا میں پولیس موبائل وین پر دستی بم حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی اور جوابی فائرنگ میں ایک عسکریت پسند ہلاک ہوگیا۔ یہ اطلاع منگل کو ایک میڈیا رپورٹ میں دی گئی۔ جیو نیوز کے مطابق یہ حملہ ضلع کوہاٹ کے علاقے شادی پور میں کیا گیا۔ رپورٹ میں حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گھات لگا کر حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جب کہ جوابی فائرنگ میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ حملے کے بعد متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کے بارے میں خفیہ معلومات حاصل کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے حملوں میں اضافہ دیکھا ہے اور وہ باقاعدگی سے افغان حکومت پر تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی طرف سے لاحق خطرے سے نمٹنے میں ناکامی کا الزام لگاتا ہے۔ دہشت گردی کے معاملے پر اسلام آباد اور کابل کے درمیان تعلقات خراب ہوئے ہیں۔
