نائب وزیر اعلیٰ نے شراب پابندی پر محبوبہ مفتی کو تنقید کا نشانہ بنایا

جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر پی ڈی پی واقعی شراب پر پابندی کے حق میں تھی تو 2014 کے بعد اقتدار میں رہتے ہوئے اس پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کی جانب سے شراب بندی کے نام پر جو کچھ پیش کیا جا رہا ہے وہ محض دھوکہ ہے اور عوام کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش ہے۔پی ڈی پی 2014 کے بعد جموں و کشمیر میں اقتدار میں رہی۔ اس دوران اسمبلی میں شراب پر پابندی کا بل بھی پیش کیا گیا، لیکن محبوبہ مفتی نے اس اہم معاملے پر کارروائی کیوں نہیں کی؟ اس وقت پابندی کیوں نہیں لگائی گئی؟۔پی ڈی پی نے جموں و کشمیر کو یونین ٹیریٹری میں تبدیل کرنے کی راہ ہموار کی۔نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پی ڈی پی نے جموں و کشمیر کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا اور اسے مرکزی زیر انتظام علاقہ (یونین ٹیریٹری) میں تبدیل کرنے کی راہ ہموار کی۔ آج محبوبہ مفتی مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ عوام کو زیادہ دیر تک بے وقوف نہیں بنا سکتیں۔ نہ صرف شراب بلکہ منشیات بھی ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں۔ علاوہ ازیں، جموں میں گزشتہ کچھ عرصے سے سماجی جرائم اور قتل کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، لیکن پی ڈی پی اس پر خاموش کیوں ہے۔چودھری نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ پارٹی، جموں و کشمیر اور ملک کو مضبوط کرنے کے لیے کام کیا ہے، جبکہ پی ڈی پی کے پاس اب کوئی ٹھوس ایشو نہیں بچا، اس لیے وہ این سی حکومت کے خلاف عوام کو اکسانے کی کوشش کر رہی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ سے کالعدم جماعتِ اسلامی کے چند سابق ارکان کی جانب سے جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ فرنٹ کے قیام کو خوش آئند قرار دیا ۔اگر انہوں نے سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ کیا ہے تو دیر آید درست آید۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔چودھری نے کہا کہ شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ سے لے کر عمر عبداللہ تک، نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ جموں و کشمیر میں جمہوریت کو نچلی سطح پر مضبوط کرنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری پنڈتوں کی باعزت واپسی کے لیے طویل عرصے سے کوششیں جاری ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے جموں میں پارٹی دفتر شیر کشمیر بھون میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کیا، جہاں نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما مرحوم شیخ نذیر احمد کی 10ویں برسی کی مناسبت سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
