انٹرمیڈیٹ امتحانات کا کل سے آغاز، 5 لاکھ سے زائد طلبہ کی شرکت

تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے سکریٹری کرشنا آدتیہ نے کل 5 مارچ سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ امتحانی مراکز پر سی سی ٹی وی کیمروں سے نظر رکھی جائے گی تاکہ نقل نویسی یا کسی اور بدعنوانی کو روکا جاسکے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کرشنا آدتیہ نے کہاکہ اگر کسی کالج انتظامیہ کی جانب سے نقل نویسی کی حوصلہ افزائی کی جائے تو ایسی صورت میں کالج کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انٹرمیڈیٹ امتحانات کا 5 مارچ سے آغاز ہوگا اور 24 مارچ تک جاری رہیں گے۔ امتحان کا وقت صبح 9 تا 12 بجے دن رہے گا۔ ریاست بھر میں 1532 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں اور سب سے زیادہ 244 مراکز حیدرآباد میں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام متعلقہ محکمہ جات سے مشاورت کے ذریعہ امتحانات کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ہر ضلع میں ضلع کلکٹر کی قیادت میں امتحانات کی نگرانی کی جائے گی۔ امیدواروں کی سہولت کے لئے آر ٹی سی کی جانب سے زائد بسوں کو چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ دور دراز کے علاقوں کے لئے خصوصی بسوں کا انتظام رہے گا۔ کرشنا آدتیہ کے مطابق امیدواروں میں ہال ٹکٹس کی تقسیم کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے واضح کیاکہ صبح 9 بجے کے بعد 5 منٹ تک تاخیر سے پہونچنے والے امیدواروں کو امتحان میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ اُنھوں نے امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ صبح 8.45 بجے تک امتحانی مراکز پہونچ جائیں۔ اُنھوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ عین وقت پر امتحانی مرکز پہونچنے کے لئے دوڑ دھوپ سے گریز کریں۔ امتحانات کے بہتر انعقاد کے لئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں تمام امتحانی مراکز کے سی سی ٹی وی کیمروں کو مربوط کیا گیا ہے۔ امتحانی مراکز میں بلاوقفہ برقی سربراہی کے لئے محکمہ برقی کو ہدایت دی گئی ہے۔ امتحانی مراکز کے اطراف 144 سیکشن کے تحت امتناعی احکام نافذ کئے جائیں گے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے مطابق ہال ٹکٹ کیو آر کوڈ کے ساتھ جاری کیا گیا ہے جس کے استعمال کے ذریعہ امتحانی مراکز کو بہ آسانی پہونچا جاسکتا ہے۔ ریاست بھر میں جملہ 996971 امیدوار انٹرمیڈیٹ امتحانات میں حصہ لیں گے جن میں فرسٹ ایئر کے امیدوار 488448 ہیں جبکہ سیکنڈ ایئر کے امیدواروں کی تعداد 440788 ہے۔ سیکنڈ ایئر کے خانگی طلبہ کی تعداد 67735 ہے، اس طرح انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کی جملہ تعداد 508523 ہے۔ کرشنا آدتیہ نے اُمید ظاہر کی کہ امتحانات پرامن طور پر منعقد ہوں گے اور طلبہ اور اُن کے سرپرستوں کا تعاون حاصل رہے گا۔سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے وضاحت کی کہ امتحانی مراکز میں امیدواروں کو کسی بھی طرح کے الیکٹرانک آلات ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں رہے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ امیدوار کسی بھی طرح کی واچ (گھڑی) بھی ساتھ نہیں رکھ سکتے۔ امتحانی پرچہ جات پولیس اسکواڈ کے ساتھ مراکز کو پہنچائے جائیں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ 29992 انویجلیٹرس کے علاوہ 1532 محکمہ جاتی آفیسرس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ 72 فلائنگ اسکواڈس اور 124 سٹنگ اسکواڈ کو تعینات کیا جائے گا۔
