بہار میں عصمت دری کے بعد تیزاب سے حملہ ،بھابھی نے ملزم دیور کا چہرہ جلایا

بہار کے بھوجپور میں عصمت دری سے متعلق ایک چونکا دینے والامعاملہ سامنے آیا ہے۔ دراصل متاثرہ نے عصمت دری کے ملزم پر تیزاب سے حملہ کیا۔ جس سے ملزم کا چہرہ اور ایک آنکھ جھلس گئی۔ واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو اسپتال میں داخل کرایا ، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ ضلع کے ادونت نگر تھانہ علاقے کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔ متاثرہ کی طرف سے پولیس میں درج کرائی گئی شکایت کے مطابق گاؤں میں رہنے والے اس کے رشتے میں دیور نے پیر کی رات اس کی عصمت دری کی۔ واقعے کے بعد متاثرہ نے غصے میں آکر تیزاب سے حملہ کردیا۔ متاثرہ کے مطابق اس کا شوہر دہلی میں رہتا ہے اور ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کرتا ہے۔ وہ اپنے دو بچوں کے ساتھ گاؤں میں رہتی ہے۔ پیر کی رات جب وہ اپنے بچوں کے ساتھ گھر میں بیٹھی تھی تو ملزم دیور اس کے گھر میں داخل ہوا۔ اس نے زبردستی اس کی عصمت دری کی۔ زیادتی کے بعد متاثرہ نے گھر میں بوتل میں رکھا تیزاب اس کے چہرے پر پھینک دیا۔ جس سے اس کا چہرہ جھلس گیا اور وہ موقع سے فرار ہوگیا۔ اس کے بعد متاثرہ نے ادونت نگر تھانے میں ملزم مہندر سنگھ عرف مہیندر یادو کے خلاف نامزد ایف آئی آر درج کرائی۔ واقعہ کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ جس کے بعد ایف ایس ایل کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے۔ پولیس نے ملزم کو علاج کے لیے اسپتال داخل کروا کر کارروائی شروع کر دی ہے۔
