تلنگانہ ملک بھر میں جنگلات کے رقبہ کے لحاظ سے سرفہرست ریاستوں میں شامل

n6580882321743244397858cf838b63265ec94e91f441cd412bebec829b4002e78bbde07b88fcbe99546b1f

تلنگانہ ریاست ملک بھر میں جنگلات کے رقبہ کے لحاظ سے سرفہرست ریاستوں میں شامل ہے۔ حال ہی میں شائع شدہ سروے آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، تلنگانہ میں جنگلات کا جملہ رقبہ 27,688 مربع کلومیٹر ہے۔ ملک بھر میں اوسطاً 23.59 فیصد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہے، جبکہ تلنگانہ میں یہ شرح قومی اوسط سے زیادہ یعنی 24.69 فیصد ہے۔ اس طرح تلنگانہ کئی دیگر ریاستوں کے مقابلہ زیادہ جنگلاتی رقبہ رکھتا ہے اور چھتیس گڑھ و اوڈیشہ کو چھوڑ کر باقی زیادہ تر ریاستوں سے آگے ہے۔ ضلع واری جائزہ لیا جائے تو تلنگانہ کے کئی اضلاع میں جنگلات کے رقبہ میں نمایاں طور پراضافہ ہوا ہے۔ ملگ ضلع سب سے زیادہ جنگلاتی علاقہ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے اس کے بعد بھدرادری کوتہ گوڑم، جے شنکر بھوپال پلی، اور کمرم بھیم آصف آباد اضلاع آتے ہیں۔اسی طرح منچریال اور ناگر کرنول کے اضلاع میں بھی جنگلاتی رقبہ کافی وسیع ہے۔ دوسری طرف، کریم نگر، جوگولامبا گدوال، اور ہنمکنڈہ جیسے اضلاع میں جنگلات کارقبہ نسبتاًکم ہے۔تلنگانہ حکومت کی جانب سے جنگلات کے تحفظ اور ان کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ماحول کو بہتر بنایا جا سکے اور قدرتی وسائل کا تحفظ ممکن ہو۔