اپوزیشن قائدین دن میں اقتدار کا خواب دیکھ رہے ہیں: پی سرینواس ریڈی

TOP_12-6

ریاستی وزیرِ مال پی سرینواس ریڈی نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسڈنٹ کے ٹی آر اور دیگر اپوزیشن قائدین پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن قائدین دن میں خواب دیکھ رہے ہیں کہ وہ اقتدار میں آ جائیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک سابقہ وزیر خود کو چیف منسٹر اور دوسرے قائدین اپنے آپ کو وزیر تصور کرنے لگے ہیں۔اسمبلی حلقہ شاد نگر کے نندی گاما منڈل میں مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کے ٹی آر کا نام لیے بغیر بالواسطہ اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک سابقہ وزیر اس انداز میں حلف برداری کی مشق کر رہے ہیں جیسے وہ واقعی چیف منسٹر بن چکے ہوں۔ انہوں نے نہ صرف اس طرزِ عمل پر سخت برہمی کا اظہار کیا بلکہ یہ بھی دعویٰ کیا کہ مذکورہ سابقہ وزیر آئندہ انتخابات میں بطور ایم ایل اے بھی کامیابی حاصل نہیں کر سکیں گے۔وزیرِ مال نے واضح کیا کہ عوام اپوزیشن کے ان بے بنیاد دعوؤں اور خوابوں سے گمراہ ہونے والے نہیں ہیں اور حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے۔