مقررہ مدت میں ریونیو اہداف حاصل کرنے پر توجہ دیں: بھٹی وکرمارکا

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ لینڈ پولنگ، صنعتی اراضی کو ریگولرائز کرنے اور سرکاری اثاثوں کے موثر استعمال پر خصوصی توجہ مرکوز کریں تاکہ مقررہ مدت کے اندر حکومت کے محصولات (ریونیو) کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ مختلف محکمہ جات کے حکام کو ریاست کے مالی وسائل کو مضبوط بنانے کے لیے مکمل تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہیے اور حکومت کی جانب سے طے شدہ ریونیو اہداف کے حصول کے لیے ایک جامع ایکشن پلان تیار کرنا چاہیے۔سیکرٹریٹ میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کی صدارت میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ریونیو موبلائزیشن کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ذیلی کمیٹی کے ارکان اور وزراء ڈی سریدھر بابو، جوپلی کرشنا راؤ کے علاوہ حکومت کے چیف سکریٹری سنجے جاجو نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اعلیٰ عہدیداروں نے رواں سال کے دوران اب تک جمع ہونے والی آمدنی کی تفصیلی رپورٹ پیش کی اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تجاویز کی وضاحت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ریاست کی معاشی صورتحال کو مستحکم کرنے کے لیے مقررہ محصولات کے اہداف کی وقت پر تکمیل لازمی ہے۔
