کوڑنگل لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے ٹنڈرس میں دھاندلیاں: کے ٹی آر

بی آر ایس کے ورکنگ پریسڈنٹ کے ٹی آر نے تلنگانہ میں ریونت ریڈی حکومت کے خلاف سنسنی خیز الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ کوڑنگل۔نارائن پیٹ۔ مکتھل لفٹ اریگیشن اسکیم کے ٹنڈرس کی تخصیص میں شدید بے قاعدگیاں اور یکطرفہ کارروائی کی گئی ہے۔ کے ٹی آر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اس معاملہ کو اٹھاتے ہوئے حکومت پر عوامی فنڈس کے بڑے پیمانے پر غلط استعمال کا الزام لگایا۔ کے ٹی آر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوڑنگل۔ نارائن پیٹ۔ مکتھل لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے ٹنڈرس کیلئے صرف وزیر پی سرینواس ریڈی کی کمپنی نے ہی باقاعدہ درخواست داخل کی تھی، جبکہ مقابلے میں شامل دیگر تمام کمپنیاں محض ’’ڈمی کمپنیاں‘‘ ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پراجکٹ کی ابتدائی تخمینہ لاگت 1,450 کروڑ روپے تھی، جسے پانچ گنا بڑھا کر 6,825 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کی لاگت میں ہزاروں کروڑ روپے کا بے جا اضافہ کر کے عوام کے پیسے کی لوٹ مار کی جا رہی ہے، جبکہ اس اسکیم کے ذریعے عوام کو اب تک پانی کی ایک بوند بھی فراہم نہیں کی گئی ہے۔
