جوبلی ہلز ضمنی چناؤ ، قطعی فہرست رائے دہندگان جاری

ph2

الیکشن کمیشن نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کی تیاری کے سلسلہ میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق جوبلی ہلز کے جملہ رائے دہندوں کی تعداد 398982 درج کی گئی ہے اور فہرست پر نظرثانی کے ذریعہ 1.61 فیصد رائے دہندوں کا اضافہ ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 2 ستمبر کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا تھا اور 17 ستمبر تک اعتراضات اور دعوؤں کو قبول کیا گیا۔ 25 ستمبر کو اعتراضات اور دعوؤں کی یکسوئی کرتے ہوئے آج قطعی فہرست جاری کردی گئی۔ فہرست کے مسودہ کی اجرائی کے وقت رائے دہندوں کی تعداد 392669 تھی۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے 6976 دعوؤں کو قبول کیا۔ فارم 7 کے ذریعہ 663 ناموں کو حذف کیا گیا۔ قطعی فہرست رائے دہندگان کے مطابق مرد رائے دہندے 207367 جبکہ خاتون رائے دہندے 191590 ہیں۔ سروس ووٹرس کی تعداد 18، این آر آئی ووٹرس 95، معذور ووٹرس 1891 جبکہ 80 سال سے زائد عمر کے رائے دہندے 6052 ہیں۔ 139 مقامات پر 407 پولنگ اسٹیشنوں کا تعین کیا گیا ہے۔ ہر پولنگ اسٹیشن میں رائے دہندوں کی تعداد تقریباً 980 رہے گی۔ رائے دہندے مزید تفصیلات کے لئے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر جوبلی ہلز و ڈپٹی کمشنر سرکل 19 یوسف گوڑہ جی ایچ ایم سی سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ جوبلی ہلز کے چناؤ کی نگرانی کے لئے ڈپٹی کمشنر سرکل 19 جی ایچ ایم سی جی رجنی کانت ریڈی، سید یحییٰ کمال اسسٹنٹ میونسپل کمشنر سرکل 19، اے بالراج اسسٹنٹ میونسپل کمشنر، شریمتی پرسیدھا اسسٹنٹ سٹی پلانر سرکل 19 اور ایم پریم کمار تحصیلدار خیریت آباد کو انچارج مقرر کیا گیا ہے۔