صنعتی شعبہ کے استحکام میں المونیم کی پیداوار کا نمایاں رول

ملک میں صنعتی ترقی کے شعبہ میں ہندوستان نے اہم پیشرفت کی ہے۔ المونیم کی پیداوار میں ہندوستان کو دنیا بھر میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ دنیا کے المونیم پیدا کرنے والے 10 ممالک کا سروے کیا گیا جس میں چین سرفہرست ہے ۔ صنعتی ترقی اور صنعتی شعبہ کے استحکام کے ذریعہ دنیا کے مختلف ممالک میں المونیم کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق کسی بھی ملک کی صنعتی ترقی کا اندازہ کرنے کیلئے المونیم کی پیداوار کو بنیاد بنایا جاتا ہے ۔ انفراسٹرکچر ، ٹرانسپورٹیشن ، قابل تجدید توانائی اور مینوفیکچرنگ کے شعبہ جات میں المونیم سیکٹر کا اہم رول ہے۔ ہندوستان نے حالیہ برسوں میں المونیم کی پیداوار میں اضافہ کے ذریعہ صنعتی شعبہ کے استحکام کا ثبوت دیا ہے۔ سروے کے مطابق چین میں المونیم کی سالانہ پیداوار 41.5 ملین میٹرک ٹن ہے جبکہ ہنوستان 4.2 ملین میٹرک ٹن پیداوار کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ روس میں ہر سال 3.8 ملین میٹرک ٹن المومنیم کی پیداوار ہوتی ہے۔ کینیڈا ، متحدہ عرب امارات ، بحرین ، آسٹریلیا ، ناروے ، برازیل اور ملایشیا کا شمار بھی المونیم پیدا کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے۔ صنعتی ترقی کے معاملہ میں چین نے دنیا بھر میں اپنی سبقت کو برقرار رکھا ہے۔ دیگر شعبہ جات میں بھلے ہی امریکہ نے اپنی سبقت کو برقرار رکھا ہے لیکن صنعتی شعبہ کے استحکام اور توسیع میں وہ دیگر ممالک سے پیچھے ہے۔ ہندوستان نے صنعتی شعبہ کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ خانگی شعبہ میں روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
