سرکاری اسکول کی منتقلی پر ہائیکورٹ نے رپورٹ طلب کی

تلنگانہ ہائی کورٹ نے گورنمنٹ پرائمری اسکول فار گرلز سیتاپھل منڈی 2 کی منتقلی کے سلسلہ میں عہدیداروں کو سروے کرتے ہوئے 22 جون کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ تعلیمی سال 2026-27 کے دوران اسکول کی منتقلی کے مسئلہ پر تنازعہ پیدا ہوگیا۔ منتقلی کیلئے جس عمارت کی نشاندہی کی گئی ، اس پر اختلاف ہے۔ جسٹس جے سری دیوی نے محکمہ تعلیم اور تلنگانہ اسٹیٹ ڈیری ڈیولپمنٹ کوآپریٹیو فیڈریشن کے علاوہ درخواست گزاروں کے وکلاء کو مشترکہ طورپر عمارت کا معائنہ کرتے ہوئے 22 جون تک ہائیکورٹ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ 60 سالہ قدیم اسکول کی عمارت خستہ ہوچکی ہے، لہذا اسے دوسری عمارت میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے اسکول کی منتقلی کیلئے 2 جون کو احکامات جاری کئے ۔1/k
ڈیری ڈیولپمنٹ کوآپریٹیو فیڈریشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جس عمارت کی نشاندہی کی گئی ، وہ خالی نہیں ہے۔ فریقین کے دعوؤں کی سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے مشترکہ معائنہ کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔
