وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے آج حیدرآباد میں ایک عام شہری کی طرح میٹرو ٹرین میں سفر کیا۔ انہوں نے سفر کے دوران مسافرین سے بات چیت کرتے ہوئے میٹرو ٹرین خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ایک خانگی پروگرام میں شرکت کیلئے جوپلی کرشنا راؤ نے ارم منزل اسٹیشن سے میاں پور تک میٹرو ٹرین میں سفر کیا ۔ پروٹوکول کو نظر انداز کرتے ہوئے کرشنا راؤ نے ایک عام شہری کی طرح سفر کو ترجیح دی ۔ انہوں نے پلیٹ فارم پہنچ کر خود ہی ٹکٹ خریدا۔ مصروف اوقات میں مسافرین کی زائد تعداد کے نتیجہ میں نشست دستیاب نہیں تھی اور ریاستی وزیر نے کھڑے ہوکر سفر کیا۔ سفر کے دوران مسافرین اور خاص طور پر پروفیشنلس سے انہوں نے بات چیت کی ۔ مسافرین ریاستی وزیر کو ایک مسافر کی طرح اپنے درمیان دیکھ کر حیرت میں پڑ گئے ۔ کئی مسافرین نے منسٹر کے ساتھ سیلفیلی ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ عوام کو ٹریفک کے مسائل سے بچانے میں میٹرو ٹرین کی خدمات موثر ثابت ہوئی ہیں ۔ ریاستی وزیر نے سفر کے دوران سیکوریٹی کو نظرانداز کردیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں جوپلی کرشنا راؤ نے ایل بی نگر سے کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کالونی تک میٹرو ٹرین میں سفر کیا تھا۔

آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان پون کھیرا آسام پولیس کی جانب سے درج مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے ۔ آسام پولیس نے پون کھیرا کے خلاف مجرمانہ سازش ، دھوکہ دہی اور توہین سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ چیف منسٹر ہیمنت بسوا سرما کی اہلیہ کے تین علحدہ پاسپورٹ اور بیرونی ممالک میں اثاثہ جات کے الزام کے بعد یہ مقدمہ درج کیا گیا۔ پون کھیرا نے آسام کی عدالت سے رجوع ہونے کے لئے تلنگانہ ہائی کورٹ سے ٹرانزٹ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی ہے۔ جسٹس کے سوجنا کے اجلاس پر جمعرات کو درخواست کی سماعت ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ آسام پولیس کھیرا کی گرفتاری کیلئے نئی دہلی کے بعد حیدرآباد کا رخ کرسکتی ہے۔ گرفتاری سے بچنے کیلئے پون کھیرا حیدرآباد منتقل ہوگئے اور تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ ٹرانزٹ ضمانت کی منظوری کی صورت میں وہ آسام کی عدالت سے رجوع ہوکر ضمانت حاصل کرسکتے ہیں۔
