مردم شماری کا دوسرے مرحلہ ، 90 ہزار ملازمین کی خدمات کی تجویز

census

تلنگانہ میں مردم شماری کے انتہائی اہم دوسرے مرحلے کے انعقاد کیلئے زور و شور سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ محکمہ مردم شماری نے ریاستی حکومت سے درخواست کی ہے کہ آئندہ ماہ تقریباً 90,000 اساتذہ اور سرکاری ملازمین کو اس مہم کیلئے مختص کرتے ہوئے انہیں خصوصی تربیت فراہم کی جائے۔ مجوزہ پروگرام کے مطابق یہ تمام عملہ 25 جنوری سے یکم مارچ 2027 تک فیلڈ لیول پر گھر گھر جا کر آن لائن ایپ کے ذریعہ ہر شہری کی ذاتی تفصیلات درج کرے گا۔ اس ضمن میں محکمہ مردم شماری نے مشورہ دیا ہے کہ سرکاری اسکولس کے اساتذہ دسمبر تک اپنا مکمل نصاب ختم کر لیں اور جنوری میں سنکرانتی تعطیلات کے بعد یکم مارچ تک طلبہ کے امتحانات منعقد نہ کیے جائیں تاکہ اساتذہ بلا رکاوٹ مردم شماری کے فرائض انجام دے سکیں۔محکمہ مردم شماری نے اس مرحلے میں اپنی خصوصی توجہ پرانے گریٹر حیدرآباد (کور ایریا) کے گنجان آبادی والے علاقوں پر مرکوز کی ہے جہاں شہریوں کی تفصیلات جمع کرنے کے لیے اضافی ملازمین تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قبل ازیں مئی اور جون میں انجام دیے گئے مردم شماری کے پہلے مرحلے میں 80,000 اساتذہ اور ملازمین نے حصہ لیا تھا، جس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کور ایریا میں ابتدائی تخمینہ سے کہیں زیادہ خاندان آباد ہیں۔ عام قواعد کے تحت ایک شمار کنندہ تقریباً 250 خاندانوں یا 800 تا 900 افراد کی تفصیلات درج کرنے کا ذمہ دار ہوتا ہے، لیکن کور ایریا میں بعض شمار کنندگان کو 1,500 افراد تک کی تفصیلات درج کرنی پڑیں، جس کے پیش نظر اب مزید 6,000 اضافی اساتذہ، ملازمین اور نگران عہدیداروں کی خدمات حاصل کرنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔