پارٹی میں ڈسپلن سب کیلئے یکساں، ہائی کمان کی ریاست پر نظر: مہیش کمار گوڑ

صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کانگریس کے ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی اور انیرودھ ریڈی کے حالیہ تبصروں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پارٹی میں ڈسپلن سب کے لیے یکساں ہے۔ آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی میں داخلی جمہوریت ہے، تاہم بعض اوقات یہ حد سے آگے بڑھ جاتی ہے اور کانگریس ہائی کمان ان تمام بیانات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔ پارٹی لائن سے ہٹ کر بیان بازی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں اے آئی سی سی مناسب فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کونڈا سریکھا کے معاملہ میں بھی پہلی مرتبہ کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی بلکہ انہیں کئی مرتبہ متنبہ کیا گیا تھا، لیکن رویہ میں تبدیلی نہ آنے پر کارروائی ناگزیر ہو گئی تھی۔ مہیش کمار گوڑ نے واضح کیا کہ پارٹی میں ہر چیز کا ایک مناسب وقت ہوتا ہے اور ڈسپلن کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ریاست کے آبی تقسیم کے مسئلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ تلنگانہ کے حصہ کے پانی کا ایک قطرہ بھی کسی کو نہیں دیا جائے گا اور ریاست کے آبی حقوق پر سمجھوتہ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کو ریاست کے عوام کو گمراہ کرنے یا دھوکہ دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ کانگریس ہمیشہ تلنگانہ کے عوام کی فلاح و بہبود میں پیش پیش رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اپوزیشن جماعتوں بی آر ایس اور بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ دونوں جماعتیں محض سیاسی مفادات کی خاطر بیان بازی کر رہی ہیں اور انہیں تلنگانہ کی ترقی و عوام کی فلاح سے کوئی سروکار نہیں ہے ۔
