20 ہزار کروڑ روپئے سے شہروں کی ترقی کا منصوبہ، چیف منسٹر کا اعلیٰ سطحی جائزہ

p7

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاست میں شہری بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے لیے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے تیار کردہ 20 ہزار کروڑ روپئے کی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے شہروں کو ترقی دینے کے منصوبوں پر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ محکمہ بلدی نظم و نسق نے عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)، ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی)، جرمنی کے کے ایف ڈبلیو بینک اور ملکی مالیاتی اداروں کے تعاون سے ان منصوبوں کو روبہ عمل لانے کی تجاویز پیش کی ہیں۔اجلاس میں ورنگل میں زیر زمین نکاسی آب، بارش کے پانی کی نکاسی، ورنگل قلعہ کی کھائی کی تزئین و آرائش اور ہنمکنڈہ میں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کی ترقی پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ ریاست میں سیوریج کے پانی کو صاف کرکے دوبارہ استعمال میں لانے کے لیے خصوصی پالیسی مرتب کی جا رہی ہے تاکہ صنعتوں بالخصوص ٹیکسٹائل پارکس میں اس پانی کے استعمال سے تازہ پانی کے وسائل پر دباؤ کم کیا جا سکے۔ اجلاس میں ورنگل میگا سٹی اکنامک ریجن میں کچرے سے 10 تا 12 میگاواٹ بجلی کی تیاری کے پلانٹ، بائیو سی این جی اور پلاسٹک ری سائیکلنگ یونٹس کے قیام کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی کی فراہمی و تقسیم کے نظام میں بجلی کی کھپت کم کرنے اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع استعمال کرنے کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ان جامع منصوبوں کا بنیادی مقصد شہروں میں کاربن کے اخراج کو کم کرنا، آبی وسائل کا تحفظ، سیلاب کے خطرات کی روک تھام اور بلدی اداروں کے انتظامی و آپریٹنگ اخراجات میں نمایاں کمی لانا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شہری ترقی کے ان منصوبوں کو مستقبل کی ضروریات اور ماحولیاتی چیلنجس کو مدنظر رکھتے ہوئے مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ ریاست کے شہری مراکز کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ، سکریٹری سی ایم او مانک راج اور سکریٹری بلدی نظم و نسق ٹی کے سری دیوی نے شرکت کی۔