جیون ریڈی کی فارم ہاوز میں کے سی آر سے جذباتی ملاقات

10last_3

تلنگانہ کی سیاست میں ایک اہم اور دلچسپ پیشرفت سامنے آئی ہے ۔ سینئیر قائد سابق وزیر ٹی جیون ریڈی نے جمعہ کے دن بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ایراویلی فارم ہاوز میں ملاقات کی جس نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی ہے ۔ دہائیوں تک ایک دوسرے کے سیاسی حریف رہنے والے ان دونوں قائدین کی یہ خوشگوار ملاقات غیر معمولی اہمیت اختیار کر گئی ہے ۔ کے سی آر نے جیون ریڈی کا پرتپاک استقبال کیا جب کہ اس موقع پر جیون ریڈی جذباتی ہوگئے اور انہوں نے کے سی آر کو گلے لگاتے ہوئے کہا کہ انا بھگوان نے آپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے بھیجا ہے ۔ دونوں قائدین کے درمیان ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔ جیسے ہی جیون ریڈی فارم ہاوز پہونچے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کے علاوہ سابق وزراء کے ایشور ، گنگولہ کملاکر ، پرشانت ریڈی ، ایم ایل سی ایل رمنا ، ایم ایل اے ڈاکٹر کے سنجے سابق رکن راجیہ سبھا جی سنتوش کمار کے علاوہ دوسرے قائدین نے ان کا شاندار خیر مقدم کیا ۔ کے ٹی آر نے گلدستہ پیش کیا ۔ کانگریس میں نظر انداز کئے جانے اور پارٹی قیادت سے اختلافات اور حکومت کی کارکردگی سے عدم اطمینان کے بعد جیون ریڈی کانگریس سے مستعفی ہوگئے کل کے ٹی آر نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی جس پر جیون ریڈی آج فارم ہاوز پہونچ کر کے سی آر سے ملاقات کی ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ کسانوں کے مسائل پر کے سی آر کی جدوجہد اور قیادت نے انہیں متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے وہ بی آر ایس کے قریب آئے ہیں ۔ جلد جگتیال میں بی آر ایس کا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں جیون ریڈی بی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے ۔