کانگریس رکن اسمبلی رام موہن ریڈی حادثہ میں بچ گئے

ram-mohan-reddy

وقار آباد ضلع میں کانگریس رکن اسمبلی ٹی رام موہن ریڈی آج ایک حادثہ میں اس وقت بال بال بچ گئے جب ڈرون ان پر آگرا۔ وقار آباد کے کلواچرلہ منڈل ہیڈکوارٹر پر رکن اسمبلی مختلف ترقیاتی کاموں کی افتتاحی تقریب میں شریک تھے۔ اس موقع پر محکمہ زراعت کی جانب سے کھیتوں میں ڈرون کے ذریعہ کھاد کی پچکاری کا مظاہرہ کیا گیا۔ رکن اسمبلی کے ہاتھوں ڈرون کا افتتاح ہوا اور جیسے ہی وہ ہوا میں اڑا آگے بڑھنے کی بجائے سیدھے رکن اسمبلی رام موہن ریڈی پر آگرا جس کے نتیجہ میں انہیں معمولی زخم آئے۔ حکام نے علاج کے لئے رکن اسمبلی کو گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں مرہم پٹی کی گئی۔ رکن اسمبلی کی صحت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ ڈرون کے گرنے سے رکن اسمبلی کے علاوہ دیگر دو کارکن بھی زخمی ہوگئے۔ دونوں زخمیوں کی حالت بھی مستحکم بتائی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تکنیکی خرابی کے نتیجہ میں ڈرون میں ہوا میں آگے بڑھنے کی بجائے عوام پر گر پڑا۔ حادثہ میں رکن اسمبلی کے محفوظ رہنے پر کارکنوں اور حامیوں نے اطمینان کی سانس لی۔