والدین کو پیار سے گلے لگائیں ، کے ٹی آر کا جذباتی پیغام

بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قوم کی تعمیر کے لیے سیاست میں قدم رکھیں اور ساتھ ہی اپنی میں والدین کی اہمیت کو کبھی فراموش نہ کریں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار فلم نگر میں این جی او ’ اسٹریٹ کاز ‘ کے زیر اہتمام منعقدہ خصوصی پروگرام NEXT Gen Leadres میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گذاریں ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی تیزی سے گزر جاتی ہے ۔ جب ہم 60 سال کے ہوں گے اور پیچھے مڑ کر دیکھیں گے تو باگ دوڑ والی زندگی کے علاوہ ہمارے پاس کوئی میٹھی یادیں نہیں ہوں گی ۔ کے ٹی آر نے اپنا ذاتی تجربہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ خود بھی محسوس کرتے ہیں کہ وہ اپنے بیٹے اور بیٹی کو کافی وقت نہیں دے پاتے کیوں کہ وہ عوامی زندگی میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ 40 سال کی عمر تک اپنے والد ( کے سی آر ) کو گلے نہیں لگایا تھا ۔ پہلی بار 2015 کے جی ایچ ایم سی انتخابات میں جیت کے بعد انہیں گلے لگا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا تھا ۔ پروگرم میں 50 سے زائد کالجس کے 300 نوجوانوں نے شرکت کی ۔ انہوں نے سیاست سے متعلق منفی تاثرات کو دور کرتے ہوئے نوجوانوں کو حکمرانی کی حقیقتوں سے آگاہ کیا اور انہیں قیادت سنبھالنے کی دعوت دی ۔ انہوں نے مستقبل کی ٹکنالوجی اور قوم کی تعمیر میں AI کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ اسٹریٹ کاز کے 17 سال مکمل ہونے پر کے ٹی آر نے تنظیم کے لیے 17 لاکھ روپئے کے عطیہ کا اعلان کیا اور نئی ویب سائیٹ کا افتتاح بھی کیا ۔ کے ٹی آر نے نوجوانوں کو یاد دلایا کہ والدین کو پیار سے گلے لگانا ان کے لیے دنیا کی سب سے بڑی خوشی اور اطمینان کا باعث بنتا ہے ۔ کامیابی کے حصول میں نوجوان خاندان اور انسانی رشتوں کو پیچھے نہ چھوڑیں ۔
