مردم شماری 2026: گھر بیٹھے خود شماری کا آسان طریقہ

3

حکومت تلنگانہ نے ریاست بھر میں مردم شماری کے عمل کو آسان بنانے کے لئے ’’خود شماری‘‘ (Self Enumeration) کا آغاز کردیا ہے۔ یہ مہم 10 مئی تک جاری رہے گی جس کے ذریعہ شہری خود پورٹل یا ایپ کے ذریعہ گھر بیٹھے اپنے خاندان کی تفصیلات درج کرسکتے ہیں۔ سب سے پہلے سرکاری پورٹل se.census.gov.in پر جائیں۔ اپنی ریاست (تلنگانہ) منتخب کریں۔ کیپچا کوڈ ڈالیں اور آگے بڑھیں۔ خاندان کے سربراہ کا نام اور موبائیل نمبر درج کریں موصولہ OTP کے ذریعہ تصدیق کریں۔ اپنی سہولت کے مطابق اردو، انگریزی، ہندی یا تلگو زبان منتخب کریں۔ نقشہ (Map) کی مدد سے اپنے گھر کی لوکیشن، ضلع، منڈل، وارڈ، پن کوڈ کی تفصیلات درج کریں۔ گھر کی ساخت (دیواریں؍ چھت) افراد کی تعداد، پینے کا پانی، برقی، گیس اور بیت الخلا جیسی سہولیات سے متعلق سوالات کا جواب دیں۔ گھر میں موجود اشیاء جیسے ٹی وی، فریج، انٹرنیٹ اور گاڑیوں کی معلومات فراہم کریں۔ تمام تفصیلات چیک کرنے کے بعد Submit بٹن دبائیں۔ فارم جمع کرنے کے بعد آپ کو 11 ہندسوں کا خودشماری (Self Enumeration) آئی ڈی “SE-ID” موصول ہوگا۔ اس کو نوٹ کرلیں یا اسکرین شاٹ محفوظ کرلیں، جب شمار کنندہ (Enumerator) 11 مئی سے 9 جون کے درمیان آپ کے گھر پہنچے تو آپ کو صرف یہ آئی ڈی دکھانی ہوگی۔ اگر اس میں کوئی معمولی تبدیلی ہوگی تو وہ کردے گا۔ اس کے بعد ڈیٹا کی تصدیق کردی جائے گی۔ مردم شماری ایکٹ 1948 کے تحت آپ کی تمام معلومات مکمل طور پر خفیہ رکھی جائیں گی۔ کسی بھی قسم کی دشواری یا شک کی صورت میں ٹول فری نمبر 1855 پر رابطہ کریں۔ ڈیجیٹل رجسٹریشن سے نہ صرف آپ کا وقت بچے گا بلکہ آپ ملک کی بہتر منصوبہ بندی میں بھی اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔