جاریہ ماہ گرمی کی شدت میں کمی کا امکان

heat-1

تلنگانہ میں ماہ مئی کے دوران موسم گرما کی شدت میں کمی ریکارڈ کئے جانے کے علاوہ بارشوں کا امکان پایا جانے لگا ہے اور کہا جارہا ہے کہ خلیج بنگال اور بحیرہ عرب میں طوفان کی پیش قیاسی کے نتیجہ میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارشیں ہونے کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ ماہ مئی کے دوران ریاست تلنگانہ میں مجموعی طور پر درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی اور ابتدائی ایام میں دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاقوں میں 40ڈگری سیلسیس سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے جبکہ ماہ اپریل کے دوران ریاست کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت 46ڈگری سیلسیس تک بھی پہنچ گیا تھا لیکن یکم مئی سے ہی درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جانی شروع ہوگئی ہے اور گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس سے زیادہ کسی بھی مقام پر ریکارڈ نہیں کیاگیا جبکہ آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق مہاراشٹرا ‘ تمل ناڈو کے علاوہ کرناٹک میں طوفان کے اثرات سے ہونے والی بارشوں کا اثر تلنگانہ کے بیشتراضلاع پر محسوس کیا جائے گا اور کئی اضلاع بشمول حیدرآباد وسکندرآباد میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔ بتایاجاتاہے کہ شہر حیدرآباد میں بھی جاریہ ہفتہ کے دوران درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کے اور کئی مقامات پر 40 ڈگری سیلسیس تک درجہ حرارت ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے جوکہ موسم گرما کے دوران معمول کے مطابق ہوگا جبکہ موسم گرما کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کی ماہ مئی کے دوران پیش قیاسی کی گئی ہے۔