تلنگانہ کے تمام آبپاشی پراجکٹس دو سال میں مکمل کئے جائیں گے: ریونت ریڈی

revent-reddy-1

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ متحدہ محبوب نگر ضلع کے تمام آبپاشی پراجکٹس کو آئندہ دو برسوں میں مکمل کیا جائے گا۔ متحدہ محبوب نگر ضلع کے دو روزہ دورہ کے سلسلہ میں ریونت ریڈی نے آج دوسرے دن پالمور رنگا ریڈی لفٹ اریگیشن اور دیگر پراجکٹس کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ زیر تکمیل کاموں کو جلد مکمل کرتے ہوئے ضلع میں آبپاشی اور پینے کے لئے پانی کی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، جوپلی کرشنا راؤ اور وی سری ہری کے ہمراہ چیف منسٹر نے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں مختلف پراجکٹس کی تعمیری سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے پارلمور رنگا ریڈی پراجکٹ کو ادھورا چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر خاندان نے کمیشن کے حصول کے ذریعہ عوامی رقومات کو لوٹ لیا اور پراجکٹس کی تکمیل پر توجہ نہیں دی ۔ گزشتہ 10 برسوں میں کے سی آر حکومت نے آبپاشی پراجکٹس کے نام پر 84503 کروڑ کا قرض حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے محض 30 ماہ میں 52120 کروڑ کا قرض ادا کیا ہے۔ انہوں نے بی آر ایس کے اس دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیا کہ پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کے 90 فیصد کام مکمل ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پراجکٹ کیلئے اراضی کے حصول کا کام مکمل نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اراضی کے حصول میں حکومت سے تعاون کریں۔ چیف منسٹر نے کے ٹی آر کی مجوزہ پد یاترا پر تبصرہ کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ بی آر ایس حکومت کے گناہوں کی معافی کیلئے کاشی تک پد یاترا کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے آبپاشی پراجکٹس پر 1.81 لاکھ کروڑ خرچ کئے جن میں ایک لاکھ کروڑ صرف کالیشورم پراجکٹ پر خرچ کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کمزور مالی موقف کے باوجود حکومت نے آئندہ دو برسوں میں تمام پراجکٹس کی تکمیل کا تہیہ کیا ہے۔