دبئی میں ٹیکسی ڈرائیور اور بائیک سوار بننے کا سنہری موقع

TOP_13-7

خلیجی ملک دبئی میں روزگار کے خواہشمند تلنگانہ کے نوجوانوں کیلئے ایک بہترین موقع سامنے آیا ہے۔ تلنگانہ حکومت کے زیراہتمام کام کرنے والے ادارے ’’ٹام کام‘‘ (TOMCOM) نے دبئی میں ٹیکسی ڈرائیور اور بائیک رائیڈرس کی جائیدادوں کیلئے اہل اور دلچسپی رکھنے والے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ ٹام کام کی جنرل منیجر ناگابھارتی نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے اس کی تفصیلات پر روشنی ڈالی ہے۔ ان جائیدادوں پر درخواست داخل کرنے کیلئے درخواست دہندگان کی عمر 23 سے 45 سال کے درمیان ہونی چاہئے۔ امیدوار کے پاس ایک درست (Valid) ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی چلانے کا تجربہ لازمی ہے۔ خلیج میں کام کرنے کے پیش نظر امیدوار کو انگریزی بولنے اور پڑھنے کی مہارت ہونی چاہئے۔ جنرل منیجر ناگابھارتی نے واضح کیا کہ یہ ملازمتیں مکمل طور پر صدفیصد کمیشن پر مبنی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈرائیور اور رائیڈرس دبئی میں اپنی محنت کے بل بوتے پر ہر ماہ تقریباً 64,850 روپئے سے لیکر 1,03,770 لاکھ روپئے تک آسانی سے کما سکتے ہیں۔ موصول ہونے والی درخواستوں کی ابتدائی اسکریننگ کی جائے گی جس کے بعد حتمی انتخاب درج ذیل مراحل کے بعد عمل میں آئے گی۔ Employer کی مخصوص ضروریات اور انٹرویو، دستاویزات کی مکمل تصدیق، میڈیکل ٹسٹ، سی آئی ڈی اور سیکوریٹی کلینرس، ویزا کی منظوری، دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ٹام کام کے آفیشل QR کوڈ کو اسکیان کرنا ہوگا اور وہاں کھلنے والے پورٹل پر اپنی تمام تفصیلات درج کرنی ہوں گی۔ درخواستیں آن لائن جمع کرانے کی آخری تاریخ 25 جون 2026ء مقرر کی گئی ہے۔ اس ملازمت، ویزا اور رجسٹریشن کے عمل کے بارے میں مزید تفصیلات یا شکوک و شبہات کو دور کرنے کیلئے امیدوار ٹام کام کے آفیشل ہیلپ لائن نمبرات 9440049520 ، 9440048590 پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔