امریکہ میں تعلیم کی تکمیل کے بعد ملازمت کرنا اب مزید مہنگا ثابت ہوگا

TOP_20-6

امریکہ میں تعلیم کی تکمیل کے بعد ملازمت کرنا اب مزید مہنگا ہوجائے گا اور OPTکے لئے ٹرمپ انتظامیہ نے 70ہزار ڈالر وصول کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے بلکہ اس منصوبہ پر عمل آوری کے سلسلہ میں حکومت امریکہ نے عوامی تجاویز بھی طلب کرنی شروع کردی ہیں۔بتایاجاتاہے کہ امریکہ میں STEMیعنی سائنس ‘ ٹیکنالوجی ‘ انجنیئرنگ اور میاتھس میں گریجویشن کی تکمیل کرنے والے طلبہ کے لئے ایک سالہ مدت کے OPT پریکٹیکل تربیت کا جو موقع دیا جاتا رہا ہے اس پر فیس عائد کرنے کی منصوبہ بندی کی جانے لگی ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی انتظامیہ نے محکمہ داخلی سلامتی کے توسط سے تیار کی گئی منصوبہ بندی کے مطابق OPT کے لئے ابتدائی درخواست دینے والوں پر 70 ہزار ڈالر اور اس میں کسی بھی طرح کی توسیع کے لئے 30 ہزار ڈالر فیس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ ہندستانی طلبہ جو امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد ملازمت اختیار کرتے ہوئے اپنے اخراجات کی تکمیل کررہے ہیں ان کے لئے مشکل صورتحال پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ ہندستانی طلبہ جو اپنے گریجویشن کی تکمیل کر رہے ہیں ٹرمپ انتظامیہ کے اس منصوبہ سے تشویش میں مبتلاء ہوچکے ہیں اور ان کا کہناہے کہ اگر ان کے گریجویشن کی تکمیل تک یہ نئے اصول نافذ کردیئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں انہیں سنگین معاشی مسائل کا سامنا کرناپڑسکتا ہے اور تعلیم کی تکمیل کے بعد OPTکا جو موقع حاصل ہوتا ہے اس مدت کے دوران ملازمت کا حصول ان کے لئے دشوار کن ہوجائے گا۔بتایاجاتاہے کہ مجوزہ قوانین کے مطابق OPT کے لئے درخواست کے ادخال سے قبل امریکہ کی منظورہ یونیورسٹی اور کالجس کو یہ فیس ادا کرنی ہوگی اور ابتدائی طور پر داخل کی جانے والی درخواست کے ساتھ 70 ہزار ڈالر ادا کرنے ہوں گے جو کہ 24 ماہ یعنی دو سال کے لئے OPT کے لئے کارکرد ہوں گے اور اگر اس میں مزید توسیع کروائی جاتی ہے توا یسی صورت میں مزید 30 ہزار ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے بیشتر ہندستانی نوجوان H1B ویزا کے حصول کے لئے OPT پر انحصار کرتے ہوئے ملازمت کے حصول کے لئے کوشش کرتے ہیں اور اس مدت کے دوران وہ امریکہ میں اپنے قیام کو قانونی طور پر جائز رکھا کرتے تھے لیکن اب اگر OPT کے لئے ہی بھاری فیس وصول کی جانے لگے گی تو ایسی صورت میں ہندستانی طلبہ پر بھی بوجھ عائد ہونے لگ جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ہندستانی طلبہ کے علاوہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف عدالت سے رجوع ہونے کے متعلق غور کر رہے ہیں تاکہ اس طرح کے مسائل کا انہیں سامنا نہ کرنا پڑے ۔ بتایاجاتاہے کہ اگر امریکی انتظامیہ اس فیصلہ کو منظوری دیتا ہے تو ایسی صورت میں بیشترامریکی جامعات میں ابتداء میں ہی OPT کی فیس وصول کی جانے لگے گی کیونکہ کالجس اور یونیورسٹیز کو یہ فیس حکومت کو ادا کرنی ہے اسی لئے داخلہ مہنگے ہونے کا خدشہ ہے۔