ایس آئی آر کا عمل شفاف اور غیر جانبدارانہ مکمل کیا جائے گا

ضلع کلکٹر خوشبو گپتا نے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر زور دیا ہے کہ وہ بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) کے ساتھ قریبی تال میل قائم کرتے ہوئے انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو ضلع کلکٹریٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ کلکٹر نے کہا کہ ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کا عمل مکمل شفافیت اور غیر جانبداری کے ساتھ انجام دیا جائے گا اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نظرثانی کے مؤثر نفاذ کے لیے بوتھ لیول آفیسرز اور اسمبلی حلقہ سطح کے افسران کو خصوصی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ خوشبو گپتا نے بتایا کہ 25 جون سے 24 جولائی تک بی ایل اوز گھر گھر جا کر مردم شماری و تصدیقی فارم تقسیم کریں گے اور ووٹروں کی تفصیلات جمع کریں گے۔ ان فارمز میں خاندانی معلومات 2002 کی انتخابی فہرستوں کی بنیاد پر درج کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 24 جولائی سے 30 جولائی تک پولنگ اسٹیشنوں کی ریشنلائزیشن کی جائے گی تاکہ ہر پولنگ اسٹیشن میں زیادہ سے زیادہ 1200 ووٹرز ہی شامل ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ 31 جولائی کو انتخابی فہرستوں کا مسودہ (ڈرافٹ رول) شائع کیا جائے گا، جس کے بعد دعوے اور اعتراضات وصول کرکے ان کی جانچ پڑتال کی جائے گی، جبکہ حتمی انتخابی فہرستیں یکم اکتوبر 2026 کو جاری کی جائیں گی۔ کلکٹر نے واضح کیا کہ محض غلط معلومات کی بنیاد پر کسی بھی ووٹر کا نام براہِ راست حذف نہیں کیا جائے گا۔ ڈرافٹ رولز کی اشاعت کے بعد متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کیے جائیں گے اور مکمل انکوائری کے بعد ہی کوئی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تمام اہل شہری جن کے نام موجودہ ووٹر لسٹوں میں شامل نہیں ہیں، وہ فارم-6 کے ذریعہ اندراج کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ یکم اکتوبر 2026 تک 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے تمام نوجوان ووٹر رجسٹریشن کے اہل ہوں گے، جبکہ ایک مقام سے دوسرے مقام منتقل ہونے والے افراد فارم۔8 کے ذریعے اپنی تفصیلات میں تبدیلی کرا سکتے ہیں۔ اجلاس میں مختلف قائدین و عہدیداران موجود تھے۔
