ہندوستانی معیشت کا استحکام، ذاتی مکانات رکھنے والے 87 فیصد

ہندوستان میں سرکاری سطح پر غریبوںکیلئے ہاؤزنگ اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے ۔ تاہم کئی ریاستوں میں مکانات کی ملکیت میں اضافہ کا رجحان ہے۔ ملک بھر میں ذاتی مکان کی موجودگی کے بارے میں سروے کیا گیا جس میں اس بات کا انکشاف ہواہے کہ قومی سطح پر 87 فیصد خاندان اپنا ذاتی مکان رکھتے ہیں۔ سروے میں اس بات کا پتہ چلا ہے کہ عوام کی اولین ترجیح ذاتی مکان ہے اور کرایہ کے مکانات کو ایسے خاندان ترجیح دے رہے ہیں جو اپنا ذاتی مکان خریدنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ بہار ، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش میں ذاتی مکان رکھنے والے خاندانوں کی تعداد 95 فیصد سے زائد ہے۔ سروے کے مطابق مالیاتی استحکام اور شہری اور دیہی علاقوں میں خاندانوں کی معیشت میں بہتری کے نتیجہ میں عوام کی ترجیحات تبدیل ہوچکی ہے۔ ذاتی مکان کے ذریعہ سماج میں اپنی منفرد پہچان بنانے کا رجحان ہے۔ ہندوستان کا شمار بظاہر معاشی طور پر غیر مستحکم خاندانوں کی اکثریت والے ملک کے طور پر ہوتا ہے لیکن ذاتی مکان کے معاملہ میں کئے گئے سروے میں صورتحال مختلف رہی۔ اترپردیش ، مدھیہ پردیش ، بہار ، جھارکھنڈ اور راجستھان میں ذاتی مکان رکھنے والوں کی تعداد 95 فیصد سے زائد درج کی گئی ہے۔ تلنگانہ میں 91.5 فیصد اور آندھراپردیش میں بھی 91.5 فیصد خاندان اپنا ذاتی مکان رکھتے ہیں۔ شہری اور دیہی علاقوں میں عوام کی معیشت کو استحکام کے نتیجہ میں ذاتی مکانات کی برقراری کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔
