راہول گاندھی کی سالگرہ پر ریتو ڈیکلریشن کو دفن کردیا گیا : ہریش راؤ

بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی کی سالگرہ کے دن ریتو ڈیکلریشن کو دفن کردینے کا الزام عائد کیا ۔ آج سدی پیٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر سابق ایم ایل سی محمد فاروق حسین کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات سے قبل ورنگل میں ایک جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے راہول گاندھی کے ذریعہ ریتو ڈیکلریشن کا اعلان کرایا تھا ۔ کسانوں کو ہتھیلی میں جنت دکھائی گئی اقتدار حاصل کرتے ہی انہیں یکسر فراموش کردیا ۔ کسانوں سے کئے گئے وعدوں سے پوری طرح انحراف کیا ۔ انہوں نے کل منعقدہ کابینہ اجلاس کے اس فیصلے پر سخت اعتراض جتایا ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت صرف اتنی ہی فصل خریدے گی جتنی مرکز کی اجازت ہوگی ۔ ہریش راؤ نے فصلوں کی خریداری سے متعلق حالیہ ظالمانہ فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس سے فوری دستبردار اختیار کرنے اور کسانوں سے غیر مشروط معافی مانگنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس حکومت نے عوام سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ سماج کے ہر طبقہ کے لیے ایک ڈیکلریشن کا اعلان کیا گیا ۔ جس پر کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ ہر سال 2 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا بیروزگار نوجوانوں سے وعدہ ، خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے مالی معاوضہ دینے کا وعدہ ، بیواؤں ، معذورین ، معمرین کی پنشن میں اضافہ کرنے کا وعدہ ، کالج کی طالبات کو اسکوٹی دینے کا وعدہ کیا گیا ابھی تک ریونت ریڈی حکومت کی نصف میعاد مکمل ہوچکی ہے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔
