آبنائے ہرمز سے 700 بحری جہاز گزر رہے ہیں:ٹرمپ

Mufahimat-Yaddast-Hatmi-Nahi-Trump

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے میری لینڈ میں ایک تقریب سے خطاب میں بتایا کہ آبنائے ہرمز سے جہاز غیر معمولی انداز میں گزرنے لگے ہیں اور تقریباً 700 بحری جہاز گزر رہے ہیں۔ امریکی صدر نے کہا آبنائے ہرمز سے اتنے جہاز گزر رہے ہیں کہ ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا، جہاز گزرنے پر کمپنیاں بہت خوش ہیں، ایران کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں اور اب 60 دنوں میں حتمی ڈیل کرنی ہوگی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ساٹھ روز میں حتمی معاہدہ نہ ہوا تو سخت اقدامات کریں گے ، انھوں نے خبردار کیا کہ اگر مقررہ مدت میں حتمی معاہدہ نہ ہو سکا تو امریکہ ایسے اقدامات کرے گا جس سے ایران کو خوشی نہیں ہوگی اور مجھے نہیں لگتا کہ ایسا کچھ کرنا پڑے گا، حتمی ڈیل ہو جائے گی۔ جنگ بندی معاہدے پر ٹرمپ نے سعودی بادشاہ اور ولی عہد کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ یو اے ای کے صدر بہترین شخصیت ہیں۔ اس موقع پر امریکی صدر نے یوکرین جنگ پر بھی تبصرہ کیا اور بتایا کہ روس یوکرین جنگ میں 34 ہزار افراد مارے جا چکے ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ دونوں میں جنگ بندی ہو جائے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے حوالے سے کہا کہ صدر شی جن پنگ ستمبر میں امریکا کا دورہ کریں گے ، اور میں بھی دوبارہ چین کا دورہ کروں گا، وہاں بڑی کانفرنس ہوگی، میں نے چین کے صدر کو کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں مداخلت نہ کریں، انھوں نے میری بات مان لی اور مداخلت نہیں کی۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر عاصم منیر کی تعریف کی
واشنگٹن۔ 20 جون (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستانی فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستان کے وزیراعظم عظیم ہیں، پاکستانی رہنماؤں نے ایران سے ڈیل میں بہت مدد دی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایک بار پھر پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کی گئی ہے ۔ صدر ٹرمپ نے امریکی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر عظیم آدمی ہیں اور پاکستان کے وزیراعظم بھی عظیم ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے وزیراعظم کا مکمل احترام کرتے ہیں جو بہت خوبصورت بات ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستانی رہنماؤں نے ایران سے ڈیل میں بہت مدد دی، پاکستانی قیادت ایرانی قیادت اور ایرانی قوم کو جانتی تھی۔