تلنگانہ کی ووٹر لسٹ میں 73لاکھ نااہل و متوفی ووٹرس کی نشاندہی

الیکشن نے تلنگانہ میں SIR کے بعد مسو دہ ووٹر لسٹ باضابطہ شائع کردی ہے ۔ چیف الکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے بتایا کہ ریاست میں جملہ 92 لاکھ ووٹرس کو نوٹس روانہ کی جارہی ہے اور جن ووٹرس کو نوٹس ملے گی انہیں 16 ستمبر تک ضروری ثبوت و دستاویزات پیش کرکے جواب دینا ہوگا ۔ حیدرآباد و ریاست بھر میں ووٹرس کی سہولت کیلئے پولنگ اسٹیشنس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ۔ اس تبدیلی سے بڑی تعداد میں ووٹرس کے پرانے بوتھ نمبر بدل چکے ہیں ، لہذا ڈرافٹ لسٹ میں اپنا نام آسانی سے تلاش کرنے ووٹرس کو پہلے اپنا نیا بوتھ نمبر معلوم کرنا ضروری ہے ۔ electoralsearch.eci.gov.in پر اپنا EPIC نمبر درج کر کے نیا بوتھ نمبر معلوم کرسکتے ہیں ۔ اگر EPIC نمبر نہ ہو تو ووٹر اپنا نام والد کا نام اور تاریخ پیدائش جیسی بنیادی تفصیلات درج کر کے بھی پولنگ بوتھ معلوم کرسکتے ہیں ۔ نیا بوتھ نمبر حاصل کرنے کے بعد ECI یا چیف الکٹورل آفیسر کی ویب سائٹ سے بوتھ کی پی ڈی ایف لسٹ ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے ۔ ان خدمات کیلئے می سیوا مراکز و آن لائن پورٹلس کی سہولت بھی عوام کیلئے دستیاب ہے ۔ کمیشن حکام نے واضح کیا کہ جن اہل ووٹرس کے نام مسودہ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں وہ فارم ۔6 کے ذریعہ نئے اندراج کی درخواست دیں ۔ تفصیلات میں کسی غلطی کی تصحیح کیلئے فارم ۔8 اور نااہل ۔ متوفی یا منتقل ووٹرس کے نام حذف کرانے فارم ۔7 کا استعمال کیا جائے ۔ حکام کے مطابق ریاست میں حذف ووٹرس کی تعداد 73لاکھ کے قریب ہے ، جن میں فوت اور دوہرے اندراج والے افراد شامل ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ یہ نام مکمل محتاط جانچ اور فیلڈ لیول تصدیق کے بعد ووٹر لسٹ سے نکالے جائیں گے ۔
