ملک کی سلامتی، عوام کے جان و مال کے تحفظ میں محکمہ پولیس کا اہم رول

TOP_6-19

امن و امان قانون کی برقراری اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان دینے والے پولیس شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ سماج ہمیشہ ان کا مقروض رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر پرتیک جین آئی اے ایس اور ضلع ایس پی پریتوش پنکج آئی پی ایس نے کیا۔پولیس شہداء کے یومِ یادگار کے موقع پر 21 اکتوبر کو سنگاریڈی ضلع پولیس پریڈ گراؤنڈ میں محکمہ پولیس کی جانب سے منعقدہ تقریب میں ضلع کلکٹر پرتیک جین نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر کلکٹر اور ایس پی نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کے گلدستے پیش کرتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ضلع کلکٹر پرتیک جین نے کہا کہ پولیس اہلکار امن و قانون کی برقراری کے لیے شب و روز خدمات انجام دیتے ہیں اور دورانِ ڈیوٹی پیش آنے والے چیلنجوں کا اپنی جان کی پروا کیے بغیر بہادری سے مقابلہ کرتے ہیں۔ فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے سنگاریڈی ضلع سے تعلق رکھنے والے چار پولیس شہداء جنگیا (سرگاپور پولیس اسٹیشن)، ایلیا (سنگاریڈی ٹاؤن پولیس اسٹیشن)، ستیہ نارائنا (جناّرم پولیس اسٹیشن) اور سریش (کنگٹی پولیس اسٹیشن) کی بہادری اور عوام کے تحفظ کے لیے انجام دی گئی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ضلع ایس پی پریتوش پنکج نے کہا کہ 21 اکتوبر 1959 کو لداخ کے ہاٹ اسپرنگس مقام پر دورانِ ڈیوٹی 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی یاد میں ہر سال ملک بھر میں پولیس شہداء کا یومِ یادگار منایا جاتا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں ماضی کے دوران نکسل ازم کے شدید اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں متعدد پولیس اہلکاروں نے دورانِ ڈیوٹی اپنی جانیں قربان کیں۔ سنگاریڈی ضلع کے شہداء جنگیا، ایلیا، ستیہ نارائنا اور سریش کی قربانیاں محکمہ پولیس کے لیے ہمیشہ باعثِ تحریک رہیں گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس محکمہ شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن مدد کے لیے ہمیشہ تعاون کرتا رہے گا۔ ایس پی نے مزید بتایا کہ یکم ستمبر 2025 سے 31 اگست 2026 تک ملک بھر میں دورانِ ڈیوٹی شہید ہونے والے 154 پولیس اہلکاروں کو اس موقع پر یاد کیا جارہا ہے، جن میں تلنگانہ ریاست کے 4 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و قانون کی برقراری، جرائم پر قابو پانے، ملک کی داخلی سلامتی، سرکاری املاک کے تحفظ اور عوام میں احساسِ تحفظ پیدا کرنے میں پولیس محکمہ اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر سنگاریڈی ضلع میں دورانِ ڈیوٹی شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ کی تہنیت کی گئی اور انہیں یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی چیتنیا ریڈی، ڈی ایس پیز، سرکل انسپکٹرس، سب انسپکٹرس، پولیس عہدے دار اور شہداء کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔