آندھرا پردیش الیکشن کمیشن میں بلدی انتخابی امیدواروں کی قطعی فہرست کی اجرائی پر روک

سپریم کورٹ نے آندھراپردیش الیکشن کمیشن کو شہری بلدیات کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی قطعی فہرست کی اجرائی پر روک لگاتے ہوئے وائی ایس آر سی پی کی شکایات و الزامات کا جائزہ لینے اور انہیں حل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ وائی ایس آر سی پی نے آندھراپردیش میں جاری شہری بلدیات کے انتخابات میں پارٹی امیدواروں کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے روکنے اور انتخابی تشدد کے ذریعہ ان کے امیدواروں کو ہراساں کئے جانے کی شکایت کے ساتھ سپریم کورٹ میں شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے درخواست داخل کی تھی۔ جسٹس جوئے مالا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل سپریم کورٹ بنچ نے وائی ایس آر سی پی کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف الکٹورل آفیسر آندھراپردیش کو ہدایت دی کہ وہ 26 اکٹوبر تک امیدواروں کی قطعی فہرست کی اجرائی پر روک لگائیں اور سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی پارٹی وائی ایس آر سی پی کی شکایات اور الزامات کا ازالہ کرتے ہوئے صاف و شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے۔ سپریم کورٹ نے وی ایس آرسی پی کی درخواست کی سماعت کے دوران ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آندھراپردیش کو اس بات کی ہدایت دی کہ وہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے علاوہ آزادانہ رائے دہی و شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنائیں ۔تلگو ریاست آندھراپردیش میں جاری شہری بلدیات کے انتخابات کے سلسلہ میں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 21 اکٹوبر کو انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی قطعی فہرست جاری کی جانی تھی لیکن سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کئے جانے والے احکامات کے بعد اب امیدواروں کی قطعی فہرست 26 اکٹوبر کو جاری کی جائے گی۔وائی ایس آر سی پی نے سپریم کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے اس بات کی شکایت کی تھی کہ ان کے 100 سے زائد امیداروں کو پرچہ نامزدگی کے ادخال سے روکا گیا ہے اور ان کے انتخابی دفاتر تک پہنچنے میں رکاوٹیں پیدا کرتے ہوئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں۔ سپریم کورٹ نے سماعت کے دوران ریاستی الیکشن کمیشن آندھراپردیش کو ہدایت دی کہ وہ آزادانہ و منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے وائی ایس آر سی پی کی جانب سے داخل کی گئی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے ان پر کاروائی کرے۔ عدالت نے آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمندوں کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لئے لازمی ہے کہ پرچہ نامزدگی کے ادخال اور انتخابی سرگرمیوں کو پر امن شفاف بنایا جائے۔
