انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ نئی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری

23last_3

وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ویڈی نے کہا کہ نلگنڈہ کو سوپر اسمارٹ سٹی کے طور پر ترقی دی جائیگی اور کئی اہم انفرااسٹرکچر پراجکٹس کے قیام کا منصوبہ ہے۔ ریاستی وزیر نلگنڈہ اسمبلی حلقہ میں دو کروڑ کی لاگت سے تعمیری کردہ کانفرنس ہال اور اضافی رومس کا افتتاح کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نلگنڈہ کے لئے کئی اہم پراجکٹس کی منصوبہ بندی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند برسوں میں نلگنڈہ حیدرآباد کی طرز پر ترقی کی سمت پیشرفت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ اسمبلی حلقہ میں 125 کروڑ کے ترقیاتی کام انجام دیئے گئے۔ نلگنڈہ ٹاؤن میں 24 گھنٹے پینے کے پانی کی سربراہی کا نظم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی سربراہی کی اسکیم اندرون 6 ماہ مکمل ہو جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ 125 کروڑ کے مصارف سے پانی کی سربراہی اسکیم کا آغاز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سری سیلم لفٹ بینک کنال کی سرنگ کے تعمیری کام تیزی سے جاری ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2028 تک ایس ایل بی سی سرنگ کی تعمیر کا کام مکمل ہو جائے گا۔ پراجکٹ کی لاگت کو 2 ہزار کروڑ سے بڑھاکر 5 ہزار کروڑ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی اور پانی کی ضرورت کی تکمیل کیلئے پراجکٹس کی جلد تکمیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 900 کروڑ کے صرفہ سے آؤٹ رنگ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد تا نلگنڈہ ٹریفک سسٹم کو بہتر بنانے سڑکوں کی تعمیر اور توسیع کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1400 کروڑ سے سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ زیر زمین ڈرینیج سسٹم کی ترقی کیلئے 300 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے اپوزیشن کو نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بے بنیاد الزام تراشی کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کانگریس کی عوامی حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ نئی فلاحی اسکیمات کے آغاز کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ عوامی تائید سے کانگریس تلنگانہ میں دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔