اندراماں ٹاورس کی تعمیر کیلئے 15 اسمبلی حلقہ جات میں ٹنڈرس کو قطعیت

وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہاکہ حیدرآباد کے کیور اربن ریجن میں غریبوں کے لئے اندراماں ہاؤزنگ ٹاورس کی تعمیر کے معاملہ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ 15 اسمبلی حلقہ جات میں ٹاورس کی تعمیر کے لئے ٹنڈرس کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ سرینواس ریڈی نے سکریٹریٹ میں ٹاورس کی تعمیر کے سلسلہ میں ہاؤزنگ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ دیہی علاقوں کی طرز پر شہری علاقوں کے غریبوں کو مکانات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ٹاورس کی تعمیر میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے ٹنڈرس کو قطعیت دی گئی۔ وزیر ہاؤزنگ نے استفادہ کنندگان کی درخواستوں، انتخاب کے طریقہ کار اور لکی ڈرا پر عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کیور اربن ریجن کے 16 اسمبلی حلقہ جات میں اندراماں ٹاورس کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔ پہلے مرحلہ میں 16 اسمبلی حلقہ جات کے 807.40 کروڑ کی لاگت سے ٹاورس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 20 جون تا 15 اگست درخواستیں طلب کی گئیں جس کے تحت جملہ 60720 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ درخواستوں کی جانچ کے بعد 40900 درخواستوں کو اہل قرار دیا گیا جبکہ 19820 درخواستیں نااہل قرار پائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نااہل قرار دی گئی درخواستوں کی وجوہات کو ویب سائٹ پر پیش کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 27، 28، 29 اور 30 اگست کو فنکشن ہالس میں عوام اور درخواست گذاروں کی موجودگی میں شفافیت کے ساتھ لکی ڈرا کا اہتمام کیا جائے گا۔ لکی ڈرا کی نگرانی کے لئے خصوصی عہدیدار کا تعین کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ لکی ڈرا کے ذریعہ استفادہ کنندگان کی پہلی فہرست کی اجرائی کے بعد نااہل قرار پائے درخواست گذاروں کی جانب سے جمع کی گئی 10 ہزار روپئے کی ای ایم ڈی رقم اُن کے بینک اکاؤنٹس میں واپس کردی جائے گی۔ 27 اگست کو رائے درگ، کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کالونی، مائیلاردیو پلی، ریڈ ہلز، 28 اگست کو کاکور، پاٹی گڈہ، جل پلی، کلثوم پورہ، 29 اگست جوبلی ہلز، ایم ایل اے کالونی، بوئن پلی، بنڈلہ گوڑہ، نندی مسلائی گوڑہ اور 30 اگست کو گوجولا رامارم، عنبرپیٹ، سٹی پولیس لائنس میں لکی ڈرا کا اہتمام کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ کیور اربن ریجن کے تحت مزید 4 اسمبلی حلقہ جات میں اندراماں ٹاورس کی تعمیر کے لئے اراضیات کا تعین کیا گیا ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 480 مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں اور جملہ 1920 مکانات کی تعمیر عمل میں آئے گی۔ ایل بی نگر اسمبلی حلقہ میں حیات نگر ولیج کے تحت آمنگل، گوشہ محل اسمبلی حلقہ میں نامپلی، مشیرآباد اسمبلی حلقہ میں زمستان پور اور چندرائن گٹہ اسمبلی حلقہ میں بنڈلہ گوڑہ علاقہ میں مکانات کی تعمیر کے لئے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ اِن چاروں اسمبلی حلقہ جات میں اندراماں ٹاورس کے لئے 3 ستمبر تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اندراماں ٹاور میں محض مکان کی فراہمی کے علاوہ 20 تا 25 گز اراضی استفادہ کنندگان کے نام پر رجسٹر کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ شہری علاقوں میں اراضی کی مالیت 60 لاکھ سے ایک کروڑ روپئے تک ہے۔ اِس قدر قیمتی اراضی غریب خاندانوں کے حوالہ کی جارہی ہے۔ مکان کے لئے حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپئے سبسیڈی فراہم کی جارہی ہے۔
