EHS اسکیم پر عمل آوری شروع، 8511 کیسیس کیلئے 55.14 کروڑ روپئے کی منظوری

Pp3

ریاست کے سرکاری ملازمین اور پنشنرس کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تلنگانہ حکومت نے ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے ۔ ریاستی وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے آج تلنگانہ قانون ساز کونسل میں ارکان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اعلان کیا کہ تمام اہل سرکاری ملازمین اور پنشنرس کو ڈیجیٹل ہیلت کارڈس جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کارڈ ہولڈرس کو OTP کے ذریعے اپنا ڈیجیٹل ہیلت کارڈ آن لائن ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت بھی دی جارہی ہے ۔ وزیر صحت نے بتایا کہ /17 جولائی سے نافذ العمل اس نئی ایمپلائز ہیلت اسکیم (EHS) کے تحت ریاست بھر کے 17 لاکھ سے زائد مستفیدین کو کیش لیس اور معیاری علاج کی سہولت مل رہی ہے ۔ دامودھر راج نرسمہا نے بتایا کہ حکومت نے EHS اسکیم کیلئے سالانہ 1056 کروڑ روپئے کا بھاری بجٹ مختص کیا ہے ۔ جس کے تحت ماہانہ 88 کروڑ روپئے جاری کئے جارہے ہیں ۔ اسکیم کیلئے ملازمین اور پنشنرس اپنی بنیادی تنخواہ اور پنشن کا 1.5 فیصد حصہ دیں گے جبکہ اتنی ہی مساوی رقم 1.5 فیصد ریاستی حکومت کی جانب سے ادا کی جائے گی ۔ ریاست بھر کے 921 ہاسپٹلس میں ان پیشنٹ طبی خدمات دستیاب ہوں گی جن میں 114 سرکاری اور 807 خانگی ہاسپٹلس شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں جملہ 37 ویلنس سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں ۔ جن میں سے فی الوقت 12 اضلاع میں 12 سنٹرس فعال ہوچکے ہیں جبکہ باقی 25 سنٹرس دیگر اضلاع میں قائم کئے جائیں گے ۔ وزیر صحت نے بتایا کہ اسکیم کے تحت اب تک 8511 طبی کیسیس کیلئے 55.14 کروڑ روپئے کی پیشگی رقم منظو ر کی جاچکی ہے ۔