پیاز کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد اب ادرک لہسن کی قیمت میں اچانک اضافہ

پیاز کی قیمتوں میں اضافہ نے شہریوںکی آنکھوں میں آنسو لانے شروع کئے ہی تھے اچانک ادرک لہسن کی قیمتو ںمیں بھی زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں پیاز ‘ ادرک لہسن اور شکر کی قیمتوں میں ریکارڈ کیا جانے والا اضافہ شہریوں کے معاشی مسائل میں اضافہ کا سبب بننے لگا ہے۔بازار میں موجود ان اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے تو ادرک لہسن کی قیمتوں میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران 100 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے جبکہ شکر کی قیمت میں 130 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اسی طرح پیاز کی قیمت میں بھی دوگنا اضافہ ریکارڈ کیاجانے لگا ہے اور کہاجارہا ہے کہ اگر قیمتوں پر قابو پانے کے اقدامات فوری نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں ان اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔ماہ اگسٹ میں ادرک کی قیمت جہاں 120تا130 روپئے کیلو ریکارڈ کی جا رہی تھی وہ اب 300 روپئے کو پہنچ چکی ہے اور لہسن جو کہ 180تا200 روپئے فی کیلو فروخت کیا جارہا تھا اب 400 روپئے تک قیمت پہنچ چکی ہے۔ شکر کی قیمتو ںمیں ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں عوام کی شکایات پر متعلقہ ارباب کی خاموش کے دوران یہ الزامات عائد کئے جانے لگے ہیں کہ گنا شکر کی تیاری کے کارخانوں کے بجائے E20 ایتھنال کی تیاری کے لئے فروخت کیا جا رہاہے اسی لئے گنے کی قلت کے نتیجہ میں شکر کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے۔ چاول ‘ شکر‘ پیاز ‘ ادرک اور لہسن کی قیمتوں میں اضافہ کے لئے سرکاری طور پر ایل نینو کے نتیجہ میں بارش نہ ہونے کو ذمہ دار قرار دیا جا رہاہے جبکہ ماہرین کا کہناہے کہ تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کی بنیادی وجوہات مختلف ہیں اور موسمی اثرات کا اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر فوری اثر بہت کم ہوتا ہے کیونکہ بیشتر اشیاء ٹھوک تاجرین کے پاس اسٹاک میں موجود ہوتی ہیں اگر ریاستی حکومت کی جانب سے ان اشیاء کی کالابازاری اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں قیمتوں پر قابو پانے میں آسانی ہوسکتی ہے۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے 11 رعیتو بازاروں میں پیاز کی قیمت اب بھی 50تا60 روپئے ہے لیکن بازاروں میں پیاز 70 روپئے فی کیلو فروخت کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک پیٹ محبوب گنج میں جہاں یومیہ 6800 ٹن پیاز پہنچا کرتی تھی پیداوار میں قلت کے نتیجہ میں اب یومیہ محض 1200 ٹن پیاز محبوب گنج پہنچ رہی ہے۔پیاز ‘ ادرک ‘ لہسن ‘ چاول اور شکر کی قیمتو ںمیں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں ریستوراں و ہوٹلس بھی اپنی اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ کے متعلق منصوبہ بندی کرنے پر مجبور ہونے لگے ہیں۔
