جنوبی ایشیا میں شہری معیشت کی ترقی میں ممبئی کو نمایاں مقام

m2-1

جنوبی ایشیا کے اہم شہروں میں مجموعی گھریلو پیداوار کے اعتبار سے شہری معیشت کی ترقی میں ممبئی کو سبقت حاصل ہوئی ہے۔ شہری معیشت کے استحکام کے ذریعہ ممالک میں گھریلو مجموعی پیداوار میں اضافہ کا اندازہ کیا جاتا ہے ۔ ہندوستان ، پاکستان اور بنگلہ دیش کے 10 شہروں میں مجموعی گھریلو پیداوار کا سروے کیا گیا جس میں ہندوستان کے شہروں کی معیشت دیگر دو ممالک کے مقابلہ بہتر ریکارڈ کی گئی ہے۔ ممبئی میں مجموعی گھریلو پیداوار 310 تا 368 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی ۔ دہلی این سی آر 293 تا 305 بلین ڈالر کی گھریلو مجموعی پیداوار (GDP) کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکہ گھریلو مجموعی پیداوار میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں 154 تا 213 بلین ڈالر کی شہری معیشت کی ترقی ریکارڈ کی گئی۔ کولکتہ ، بنگلور اور چینائی کے بعد پاکستان کا کراچی شہر گھریلو مجموعی پیداوار میں بہتر مظاہرہ کی فہرست میں شامل ہوا ہے۔ کولکتہ میں مجموعی گھریلو پیداوار 150 تا 154 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی جبکہ بنگلور میں 130 تا 135 بلین ڈالر معیشت کی ترقی کی ہے۔ چینائی میں 105 تا 107 بلین ڈالر کی گھریلو مجموعی پیداوار ریکارڈ ہوئی ہے۔ کراچی میں شہری معیشت کی ترقی کا ریکارڈ پاکستان کے دیگر شہروں سے بہتر ہے جہاں 62 تا 86 ملین ڈالر گھریلو مجموعی پیداوار ریکارڈ کی گئی ۔ شہری معیشت کی ترقی کے معاملہ میں حیدرآباد کو آٹھواں مقام حاصل ہوا ہے ، جہاں مجموعی گھریلو پیداوار 84 تا 95 بلین ڈالر درج کی گئی ۔ پونے میں 69 تا 77 بلین ڈالر اور احمد آباد میں 66 تا 68 بلین ڈالر گھریلو مجموعی پیداوار ریکارڈ ہوئی ہے۔ سروے کے مطابق ہندوستان کے بڑے شہروں میں تیز رفتار صنعتی ترقی نے گھریلو مجموعی پیداوار میں اضافہ کیا ہے۔ ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار میں جاریہ سال اضافہ درج کیا گیا۔ ماہرین معاشیات کی رائے جی ڈی پی شرح کے بارے میں اگرچہ مختلف ہے لیکن وزارت فینانس اور مرکزی حکومت نے مجموعی گھریلو پیداوار میں ریکارڈ اضافہ کا دعویٰ کیا ہے ۔