حیدرآباد اور سکندرآباد میں غیرمعلنہ برقی کٹوتی سے عوام پریشان حال

دونوں شہرو ںحیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں میں غیر معلنہ برقی کٹوتی کی مسلسل شکایات موصول ہونے لگی ہیں ۔ شہر میں موسم میں پیدا ہونے والی شدت اور درجہ حرارت میں ریکارڈکئے جانے والے اضافہ کے سبب ائیر کنڈیشن‘ ائیر کولر اور پنکھوں کے استعمال میں زبردست اضافہ ہو چکا ہے اور ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل شہریوں کو بلا وقفہ برقی سربراہی میں ناکام ہونے لگی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے کئی علاقوں میں برقی سربراہی میں کی جانے والی کٹوتی کے سلسلہ میں عہدیدار یہ کہہ رہے ہیں شہر میں جاری گنیش تہوار کے سبب لگائے جانے والے پنڈال اور انہیں برقی سربراہی کے اقدامات کے علاوہ حکومت کی جانب سے گنیش پنڈال اور تہوار کے دوران سجاوٹ کے لئے مفت برقی کی سربراہی کے اعلان کے نتیجہ میں یہ صورتحال پیدا ہونے لگی ہے ۔ شہر حیدرآباد میں برقی طلب میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ سے نمٹنے کے لئے عہدیدار اپنے طور پر اس بات کا فیصلہ کرچکے ہیں کہ غیر معلنہ برقی کٹوتی کے ذریعہ طلب اور استعمال میں پیدا ہونے والے فرق کو دور کیا جاسکے۔ بتایاجاتاہے کہ شہر میں کئی محلہ جات بالخصوص پرانے شہر کے علاقوں کے علاوہ ان علاقوں میں جہاں گنجان آبادیاں ہیں 1تا2 گھنٹے برقی سربراہی منقطع کی جا رہی ہے اور شکایت پر یہ دعویٰ کیا جا رہاہے کہ ٹرانفسارمرس پر عائد کئے جانے والے اضافی بوجھ کے سبب سربراہی میں خلل پیدا ہورہا ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ گنجان آبادی والے محلہ جات میں جاری کٹوتی کے سلسلہ میں منتخبہ عوامی نمائندوں سے شکایت کی جار ہی ہے لیکن اس کے باوجود گذشتہ ایک ہفتہ سے برقی مسائل میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے ۔ محکمہ برقی کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ جن علاقوں میں خصوصی لائٹس لگائی گئی ہیں اور برقی قمقموں سے سجایا گیاہے ان علاقوں میں برقی طلب میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے لیکن اس کے باوجود سربراہی کو بہتر بنانے کے اقدامات نہ ہونے کے سبب مسائل پیدا ہونے لگے ہیں۔بتایاجاتاہے کہ پنڈال کے لئے خصوصی مفت برقی کی فراہمی کے فیصلہ کے بعد بھی ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے موبائیل ٹرانسفارمر کی تنصیب کے اقدامات کئے گئے اور نہ ہی عہدیداروں کو بلا وقفہ برقی سربراہی کے اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے اضافی ذمہ داریاں دی گئی ہیں جس کے نتیجہ میں کئی مقامات سے برقی سربراہی میں پیدا ہونے والے خلل کی شکایات میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔
