ہارورڈ یونیورسٹی کے اگزیکیٹیو ایجوکیشن کورس کا ڈسمبر سے حیدرآباد میں آغاز

دنیا کی نامور ہارورڈ یونیورسٹی نے حیدرآباد میں ڈسمبر سے اگزیکیٹیو ایجوکیشن کورس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کے دوران برطانیہ کی مختلف یونیورسٹی کے نمائندوں نے حیدرآباد میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے سے اتفاق کیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ڈسمبر 2026 سے حیدرآباد میں ہارورڈ یونیورسٹی کے اگزیکیٹیو ایجوکیشن کورس کا آغاز ہوگا ۔ برطانیہ کے بزنس اسکول کے نمائندوں کے وفد نے چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران حیدرآباد میں تعلیمی سرگرمیوں کو وسعت دینے پر بات چیت کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت حیدرآباد کو عالمی نالج ہب میں تبدیل کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔ برطانیہ کی مختلف یونیورسٹیز کے نمائندوں پر مشتمل 30 رکنی وفد نے چیف منسٹر سے ملاقات کی جن میں برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈز کی رکن کرن بلیموریا ، جے پشپاناتھن (برٹش کونسل) ، فلورا ہیملٹن چیف اگزیکیٹیو آفیسر چارٹرڈ اسوسی ایشن آف بزنس اسکول اور ڈپٹی ہائی کمیشن شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے برطانوی وفد کو یونیورسٹیز تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ایم آئی ٹی اور دیگر اداروں نے اپنے کیمپس کے قیام سے اتفاق کیا ہے۔ مقامی یونیورسٹیز اور صنعتی اداروں سے اشتراک کرتے ہوئے ریسرچ سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ برطانیہ کے بزنس اسکولس کے تلنگانہ میں قیام سے دنیا کی معروف کارپوریٹ اور کاروباری کمپنیاں تلنگانہ کی جانب متوجہ ہوں گی۔ ریاست کے طلبہ اور اساتذہ کو بین الاقوامی اداروں کے ساتھ کام کرنے ، عالمی تجربہ حاصل کرنے اور عالمی معیار کے مواقع سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہارورڈ ، ایم آئی ٹی ، یونیورسٹی آف لندن ، ورجینیا ٹیک اور مارک ایسٹن یونیورسٹی کے بشمول کئی بین الاقوامی یونیورسٹیز کے ساتھ اگزیکیٹیو پروگرامس ، ڈویل ڈگری کورسس ، ٹیچرس کی ٹریننگ اور تحقیق کے شعبوں میں شراکت داری شروع کی جاسکتی ہے۔ طلبہ میں انگریزی ، جرمنی اور جاپانی جیسی غیر ملکی زبانوں کی مہارت کو فروغ دینے کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بدلتی ہوئی مارکٹ ضروریات کے تحت نوجوانوں کو جدید ترین ہنر کی تربیت فراہم کرنے کیلئے بھارت فیوچر سٹی میں ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے۔ بھارت فیوچر سٹی 30 ہزار ایکر پر ملک کی پہلی نیٹ زیرو گرین فیلڈ اسمارٹ سٹی کے طورپر اپنی شناخت بنائے گی۔ چیف منسٹر نے وفد کو ڈسمبر میں منعقد ہونے والے انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ 2026 میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے ڈاؤس میں منعقد ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کی طرز پر انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ کو باوقار انداز میں منعقد کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ دنیا کی معروف کمپنیاں فیوچر سٹی میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کے لئے آگے آرہی ہیں۔ ٹی سی ایس نے 70 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری سے اے آئی ڈیٹا سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امیزان ایک لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری سے ڈیٹا سنٹر کی تعمیر شروع کرچکا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دنیا کی نامور یونیورسٹیز اور فارچیون 500 کمپنیوں کی موجودگی تلنگانہ میں یقینی بنائی جائے گی۔ نرسری سے اعلیٰ تعلیم تک آئی ٹی آئیز ، پالی ٹیکنک کالجس اور اسکل یونیورسٹیز کے ذریعہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔
