ٹیکسی خدمات اور گگ ورکرس کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ

محکمہ لیبر تلنگانہ نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ ‘ایپ بیس ٹیکسی خدمات اور تلنگانہ گگ پلیٹ فارم ورکرس یونین کے تنازعہ کو حل کرنے کی سمت پیشرفت کرتے ہوئے تمام فریقین بشمول OLA‘UBER کے علاوہ RAPIDO اور ائیر پورٹ انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 14اکٹوبر کو محکمہ لیبر میں حاضر رہنے کی ہدایت دی ہے تاکہ GIG اینڈ پلیٹ فارم ورکرس کے مسائل اور ان کے دیرینہ مطالبہ کو حل کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔OLA‘ UBER اور RAPIDO ٹیکسی ڈرائیورس جاریہ ماہ کے اوائل سے مسلسل راجیو گاندھی ائیر پورٹ کی سواری لینے یا ائیر پورٹ سے دیگر مقامات کے لئے سفر کرنے والے مسافرین کو پہنچانے سے انکار کر رہے ہیں اور بڑی تعداد میں ٹیکسی ڈرائیورس ائیر پورٹ کے لئے خدمات کا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔ محکمہ لیبر کی جانب سے جاری کی گئی نوٹس میں کہاگیا ہے کہ 14اکٹوبر کو منعقد ہونے والے اس اجلاس کے دوران جی او ایم ایس 46 جو کہ 9 ڈسمبر 2022 کو جاری کیاگیا تھا اس پر فوری طور پر عمل آوری کو یقینی بنایاجاسکے۔ بتایاجاتاہے کہ مذکورہ جی او میں پری پیڈ ٹیکسی کے علاوہ ایپ کے ذریعہ بک کروائی جانے والی ٹیکسی خدمات کے کرایوں کو باقاعدہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اس جی او پر تاحال عمل آوری نہیں ہوپائی ہے۔علاوہ ازیں اس اجلاس کے دوران راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافرین کو چھوڑنے کے لئے پہنچنے والے ٹیکسی ڈرائیورس طویل عرصہ سے موجودہ 8 منٹ کی مہلت میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 12تا15 منٹ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ محکمہ لیبر کی جانب سے جاری کی گئی نوٹس کے مطابق اس مسئلہ کی یکسوئی بھی اس اجلاس کے دوران کردیئے جانے کا امکان ہے ۔نوٹس میں اس بات کی صراحت کی گئی ہے کہ مسافرین کو ائیر پورٹ چھوڑنے کے لئے پہنچنے والے ڈرائیورس پر عائد کئے گئے 500 روپئے کے جرمانوں کو واپس لینے کے اقدامات کے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ نوٹس میں OLA‘ UBER‘ RAPIDO کے نمائندوں کے علاوہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے نمائندہ کو شرکت کے لئے کہاگیا ہے تاکہ ان کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جاسکے۔ محکمہ لیبر نے 14 اکٹوبر کو منعقد ہونے والے اجلاس میں تلنگانہ Gigاینڈ پلیٹ فارم ورکرس یونین کے ذمہ داروں کو بھی مدعو کیاگیا ہے تاکہ ٹیکسی ڈرائیورس کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں ان سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے فیصلہ کیا جاسکے۔ جناب شیخ صلاح الدین صدر یونین نے بتایا کہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ انتظامیہ کے رویہ کے نتیجہ میں ڈرائیورس کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ان مسائل کے حل کیلئے ریاست میں ان کی یونین مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیکسی ڈرائیورس کے مسائل کے حل اور ائیر پورٹ انتظامیہ اور ٹیکسی ڈرائیورس کے درمیان تعلقات کو بہتر و مستحکم بنانے کے سلسلہ میں تمام آن لائن پلیٹ فارم جو خدمات فراہم کرتے ہیں اور ٹیکسی ڈرائیورس کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنایا جانا ضروری ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ان سرکردہ کمپنیوں سے مربوط عملہ کے مسائل کو حل کرنے میں کمپنیاں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا جائے۔
