تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں کے اعتبار سے دنیا کے ٹاپ 10 مصروف ترین ایرپورٹس

دنیا بھر میں شہری ہوا بازی کے شعبہ میں بڑھتی سرگرمیوں میں ترقی یافتہ ممالک کے ایرپورٹس کو مصروف بنادیا ہے۔ دنیا کے مصروف ترین ایرپورٹس کا سروے کیا گیا جس میں 10 ایرپورٹس کی نشاندہی کی گئی ، جہاں طیاروں کی آمد و رفت اور بین الاقوامی مسافرین کی تعداد کے اعتبار سے ترجیحی فہرست تیار کی گئی ہے۔ امریکہ کا اٹلانٹا انٹرنیشنل ایرپورٹ دنیا کا مصروف ترین ایرپورٹ شمار کیا گیا ہے جبکہ دبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ اور جاپان کا ٹوکیو ایرپورٹ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔ امریکہ کے تمام بڑی ریاستوں کے ایرپورٹس کا شمار مسافرین اور طیاروں کے اعتبار سے مصروف ترین ایرپورٹس میں ہوتا ہے لیکن اٹلانٹا کو ترجیح حاصل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل دونوں سطح پر پروازوں کے معاملہ میں اٹلانٹا عالمی سطح پر فضائی مرکز تصور کیا جاتا ہے ۔ یوروپ ، ایشیاء اور دیگر علاقوں سے رابطے کے معاملہ میں دبئی اور ٹوکیو ایرپورٹس کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ سیاحتی سرگرمیوں کو شامل کیا جائے تو استنبول ایرپورٹ نے مصروف ترین ایرپورٹس کی فہرست میں اپنا مقام بنایا ہے۔ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل مسافرین کے علاوہ سیاحتی اور تجارتی سرگرمیوں کے اعتبار سے دنیا کے مصروف ترین ایرپورٹس میں ڈیلاس انٹرنیشنل ایرپورٹ ، شنگھائی انٹرنیشنل ایرپورٹ، لندن ہیتھرو ایرپورٹ اور شکاگو انٹرنیشنل ایرپورٹ شامل ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں کے اعتبار سے مسافرین اپنے لئے ترجیحی مقامات کا تعین کرتے ہیں۔ یوں تو ہندوستان میں بھی تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا ہے لیکن ایک بھی ایرپورٹ ٹاپ 10 فہرست میں شامل نہیں ہوسکا۔
