اراضی تنازعات سے متعلق درخواستوں کی یکسوئی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت

TOP_5-4

وزیر مال پی سرینواس ریڈی اور وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے متحدہ عادل آباد ضلع کے عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ترقیاتی امور کا جائزہ لیا۔ سرینواس ریڈی نے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی کہ اراضیات سے متعلق زیر التواء درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی جائے اور اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی تعمیر میں تیزی پیدا کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچانا عہدیداروں کی ذمہ داری ہے۔ ریاستی وزراء نے متحدہ عادل آباد ضلع میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کے علاوہ زیر التواء آبپاشی پراجکٹس کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن ایکٹ کے تحت اراضیات اور جائیدادوں سے متعلق جو درخواستیں داخل کی گئی ہیں، ان کی ترجیحی بنیادوں پر یکسوئی کی جائے۔ ہاؤزنگ اسکیمات کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ استفادہ کنندگان کے انتخاب میں مکمل شفافیت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عادل آباد ضلع میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل آوری اطمینان بخش ہے۔ حکومت کی جانب سے شہری اور دیہی علاقوں میں بے گھر غریب خاندانوں کیلئے اسکیم متعارف کی گئی۔ ریاستی وزراء نے ضلع میں زیر التواء ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے سلسلہ میں فنڈس کی اجرائی کا تیقن دیا۔ اجلاس میں رکن کونسل ڈی وٹھل ، رکن اسمبلی وی بجو ، پی راما راؤ پٹیل، انیل جادھو ، کے لکشمی ، چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن لوکیش کمار ، اسپیشل چیف سکریٹری ریونیو راجیو گاندھی ہنمنتو، پرنسپل سکریٹری ہاؤزنگ وی پی گوتم، کلکٹر ضلع نرمل بھویش مشرا ، کلکٹر عادل آباد راجیو شاہ اور دیگر اضلاع کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔